طائف کے پہاڑوں کی خوبصورتی، ماحولیاتی سیاحت کا بہترین موقع
ان پہاڑوں کی چٹانیں مختلف ساختوں اور رنگوں کی حامل ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
طائف شہر کے بالائی مقام الشفا کی مغربی ڈھلوانوں پر واقع محمدیہ کے پہاڑ ایک دلکش منظر پیں کرتے ہیں جہاں ایک کے بعد ایک آنے والی بلند چوٹیاں، ڈھلوانیں، وادیاں اور سرسبز میدان موجود ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس مقام سے کوہ سروات کے پہاڑی سلسلوں اور تہامہ کے وسیع میدانوں کے نظارے اپنی خوبصورتی بکھیرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ان پہاڑوں کی چٹانیں مختلف ساختوں اور رنگوں کی حامل ہیں جبکہ قدرتی کٹاؤ کے باعث ان میں بننے والی دراڑیں اور کھوکھلی جگہیں ان کے حسن و دلکشی کو مزید نمایاں کرتی ہیں۔
اس علاقے میں پہاڑی ڈھلوانوں پر پھیلے قدیم عرعر کے بلند درخت اور خوشبودار جھاڑیاں بھی پائی جاتی ہیں جو مقامی و نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں اور دیگر چھوٹے جنگلی جانداروں کے لیے قدرتی ماحول فراہم کرتی ہیں۔
ٹورسٹ گائیڈ احمد الجعید نے بتایا کہ الشفا کے پہاڑ محمدیہ سیاحوں کو محض خوبصورت مناظر ہی نہیں بلکہ علاقے کی قدرتی خصوصیات کو جاننے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا یہاں کا منفرد جغرافیہ پہاڑوں پر چڑھنے اور کیمپنگ کے شوقین افراد کے لیے بھی موزوں مواقع رکھتا ہے تاہم ایسی سرگرمیوں کے دوران محفوظ راستوں کا انتخاب اورعلاقے کے بارے میں بخوبی علم رکھنے والوں کا ساتھ ضروری ہے تاکہ سیاحت سے درست طور پر لطف اندوز ہوسکیں۔ ان پہاڑوں کی خوبصورتی فطرت پر مبنی سیاحت کے لیے بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
