راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستانی بولرز سری لنکن بیٹرز کے سامنے بے بس، مہمان ٹیم نے نو وکٹوں پر 309 رنز بنا لیے
جمعرات 19 نومبر 2026 15:52
سری لنکا نے میچ کے تیسرے روز کا آغاز تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 74 رنز پر کیا تھا (فوٹو: اے پی)
پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے جبکہ اسے پاکستان پر 82 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔
جمعرات کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تیسرے روز کے کھیل کے اختتام پر ملن رتنائیکے 60 اور اسیتھا فرنینڈو دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے ملن رتنائیکے اور سونال دینوشا نے نصف سنچریاں سکور کیں، جبکہ کپتان کشال مینڈس 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا نے میچ کے تیسرے روز کا آغاز تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ 74 رنز پر کیا تھا۔ میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں کم بیک کیا۔
سری لنکا کی دوسری اننگز
سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 227 رنز کے خسارے کے ساتھ کیا تو اسے ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سری لنکا کے ابتدائی تین بیٹرز صرف 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ لاہیرو اودارا سات اور دنیش چندی مل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ کمنڈو مینڈس نے 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس کے بعد دھننجایا ڈی سلوا نے 37 اور پسندو سوریا بندارا نے 38 رنز بنا کر اننگز کو سہارا دیا۔
کپتان کشال مینڈس نے 53 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سونال دینوشا 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملن رتنائیکے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر ناقابلِ شکست 60 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے تین، محمد عباس اور رضا اللہ نے دو، دو جبکہ سلمان علی آغا اور ثاقب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کا دوسرا روز
پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں پر 74 رنز بنائے جبکہ اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز درکار تھی۔
منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیل کے اختتام پر پَسندو سوریابندارا 18 اور دھننجایا ڈی سلوا 24 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے تھے۔
