Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپ بھر میں نوجوانوں کے احتجاج، مہنگائی، فوجی اخراجات اور ماحولیاتی بحران کے خلاف مظاہرے

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مختلف جامعات اور سکولوں کے طالب علموں نے احتجاج کیا (فوٹو: اے ایف پی)
یورپ بھر میں جمعے کے روز مظاہرین نے سڑکوں پر نکل کر مہنگائی سے لے کر فوجی اخراجات میں اضافے اور ماحولیاتی بحران تک مختلف مسائل پر اپنے غم و غصے کا اِظہار کیا۔ اِن مظاہروں کے ذریعے سیاسی رہنماؤں پر دباؤ بڑھایا گیا، جن پر نوجوانوں کے مسائل اور خدشات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
اٹلی، جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ اِن میں سے بہت سے افراد نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر یہ نعرہ درج تھا کہ ’اپنے مستقبل کے لیے جدوجہد کرو‘۔
اِن مظاہروں کا اہتمام نوجوانوں کی قیادت میں کام کرنے والی 50 سے زائد تنظیموں کے ایک اِتحاد نے کیا تھا۔ اِن مظاہروں کے محرکات مختلف ملکوں اور علاقوں کے لحاظ سے مختلف تھے، جن میں غزہ میں اسرائیل کی جنگ، مکانوں کے بڑھتے ہوئے کرائے اور سکولوں و جامعات میں تعلیمی حالات کی ابتری جیسے مسائل شامل تھے۔
تاہم، اِن تمام مظاہروں میں ایک مشترکہ احساس نمایاں تھا اور وہ یہ کہ نوجوانوں کا خیال ہے کہ پورے براعظم کی حکومتیں جغرافیائی و سیاسی بحرانوں سے نمٹنے اور بڑے کاروباری اداروں کی مدد کرنے میں تو مصروف ہیں، لیکن نوجوان نسل کی فلاح و بہبود پر مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کر رہیں۔
فرانس اور دیگر ممالک میں حالیہ بڑے مظاہروں کے دوران ہونے والے تشدد کے واقعات دوبارہ پیش آنے کے خدشے کے پیش نظر پولیس کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی۔
سوئٹزرلینڈ میں مظاہروں کے منتظمین نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں 40 ہزار سے زائد افراد احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے۔
مظاہرے زیادہ تر پُرامن رہے۔ تاہم، اِن کے اختتام کے بعد چند مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں پولیس نے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں مختلف جامعات اور سکولوں کے تقریباً ایک ہزار طالب علموں نے احتجاج کیا۔ اُن کے خدشات میں جرمنی کی جانب سے تیزی سے فوجی طاقت میں اضافہ بھی شامل تھا، جس سے ملک میں لازمی فوجی سروس کی بحالی کے اِمکانات کے حوالے سے تشویش پیدا ہو رہی ہے۔

اٹلی کے دارالحکومت روم میں مظاہرین نے پولیس پر بوتلیں اور دھوئیں کے بم پھینکے (فوٹو: اے ایف پی)

لندن میں پارلیمنٹ کے باہر اور قریب واقع ٹرافلگر سکوائر میں ہونے والے مظاہروں میں کئی سو افراد جمع ہوئے، جن میں بعض نے سکول کے یونیفارم پہن رکھے تھے۔ اِن مظاہروں میں ’فلسطین ہمیشہ زندہ رہے گا‘ کے نعرے بھی لگائے گئے، جب کہ یورپ بھر میں ہونے والے متعدد مظاہروں میں فلسطینی پرچم لہرائے گئے۔
اٹلی کے دارالحکومت روم میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ بعض مظاہرین نے پولیس پر بوتلیں اور دھوئیں کے بم پھینکے۔
سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں مظاہرین نے تعلیمی شعبے کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا اور فوجی اخراجات میں اضافے پر شدید تنقید کی۔
اِن مظاہروں کا سلسلہ ہفتے کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے، کیوں کہ ٹریڈ یونینز اور ہاؤسنگ ایسوسی ایشنز نے مزید احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی ہے۔
یہ مظاہرے فرانس میں ’یلو ویسٹ‘ تحریک کے آغاز کی سالگرہ کے قریب ہو رہے ہیں۔ اِس تحریک نے سال 2018 اور 2019 میں صدر ایمانوئل میکخواں کی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ فرانس میں بھی ہفتے کے روز مظاہروں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
یورپی ممالک میں ہونے والے ان احتجاجی مظاہروں کی ایک وجہ فرانس میں حالیہ عرصے کے دوران ہونے والے مظاہروں سے ملنے والی تحریک بھی ہے، جو بعض مواقع پر پُرتشدد صورت اختیار کر گئے تھے۔

شیئر: