ایران اور اِس کے غیر ریاستی عرب اتحادیوں کی بات کی جائے تو عمومی طور پر یہ تصور پایا جاتا ہے کہ تہران ہی اُن کا مرکزی سرپرست ہے، جو اِنہیں مالی وسائل، ہتھیار، تربیت، تکنیکی مہارت اور نظریاتی رہنمائی فراہم کرتا ہے اور اُن کی ہر سرگرمی کا رُخ متعین کرتا ہے۔ ایران کے مرکزی کردار میں خاصی حقیقت موجود ہے تاہم یہ تصور کہ لبنان میں حزب اللہ، غزہ میں حماس اور یمن میں حوثی محض ایرانی طاقت کی توسیع ہیں، درحقیقت اُن کی تاریخ کے ایک اہم پہلو کو نظرانداز کرتا ہے۔
اِس کی مثال اِن گروہوں کے تیار کردہ وسیع زیرِ زمین فوجی ڈھانچے ہیں۔ اِن کی ساخت ایران کے اپنے زیرِ زمین میزائل شہروں سے حیرت انگیز حد تک مشابہت رکھتی ہے۔ اِن چاروں نے سرنگوں، خفیہ اسلحہ گاہوں اور محفوظ فوجی ٹھکانوں کی تعمیر پر سرمایہ کاری کی ہے تاکہ فضائی برتری رکھنے والے طاقتور دشمنوں کے حملوں سے محفوظ رہ سکیں۔ لیکن کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ ایران نے زیرِ زمین جنگ کی اپنی حکمتِ عملی عرب اتحادیوں کو منتقل کی؟
اِس کا جواب اتنا سادہ نہیں۔ تہران نے اِن تحریکوں کو ہتھیار، تکنیکی مہارت اور فوجی صلاحیتیں حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔ تاہم غزہ، لبنان اور یمن میں زیرِ زمین جنگ کی تاریخ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اِن میں سے ہر ایک کے پاس زیرِ زمین جانے کی اپنی ٹھوس وجوہات تھیں۔ درحقیقت، ایران کا اپنا ماڈل بھی جزوی طور پر بیرونی تجربات سے متاثر ہو کر تشکیل پایا۔
مزید پڑھیں
ایران کا میزائل پروگرام 1980 سے 1988 تک عراق کے ساتھ جنگ کے دوران شدید مجبوری کے حالات میں شروع ہوا۔ صدام حسین کی افواج ایرانی شہروں پر میزائل حملے کر رہی تھیں جب کہ تہران کے پاس اِسی انداز میں جواب دینے کے لیے وسائل نہیں تھے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی کمانڈروں کے لیے اِس جنگ کا سبق بالکل واضح تھا: اگر مؤثر جوابی حملے کی صلاحیت موجود نہ ہو تو ایران اپنے دشمنوں کے سامنے غیر محفوظ رہے گا۔
ابتدا میں یہ پروگرام محدود پیمانے پر شروع کیا گیا۔ سپاه پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) کے میزائل پروگرام کے سابق رُکن علی بلالی کے مطابق ایرانی کمانڈر شام اور لیبیا گئے اور بالآخر دو میزائل لانچر اور تقریباً 30 میزائل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں شمالی کوریا بھی ایران کو میزائل فراہم کرنے والا ایک اہم ملک بن گیا۔
علی بلالی یاد کرتے ہیں کہ سال 1984 میں ایران کی پہلی میزائل کارروائیوں میں صرف سات یا آٹھ افراد شامل تھے، جو تہران سے عراق کی سرحد کے قریب کرمانشاہ تک ٹویوٹا سٹیشن ویگن میں سفر کرتے تھے۔ وہ ایک میزائل داغتے اور واپس تہران آ جاتے تھے۔ اس کارروائی کے لیے درکار تمام آلات گاڑی میں سما سکتے تھے۔
چار دہائیوں بعد ایران کی میزائل فورس اُس کی دفاعی حکمت عملی میں دشمن کو حملے سے باز رکھنے کا بنیادی ستون بن چکی تھی۔ تاہم میزائل جمع کرنا اِس چیلنج کا صرف نصف حصہ تھا۔ دوسرا بڑا مسئلہ یہ یقینی بنانا تھا کہ امریکی یا اسرائیلی حملے کی صورت میں یہ میزائل محفوظ رہ سکیں۔
حسن تہران مقدم، جنہیں اکثر ایران کے میزائل پروگرام کا بانی قرار دیا جاتا ہے، اِس پروگرام کی ابتدائی ترقی میں مرکزی کردار کے حامل تھے۔ ایک اور شخصیت امیر علی حاجی زادہ، جنہوں نے بعد میں آئی آر جی سی کی ایرو سپیس فورس کی کمان سنبھالی، ایران کے زیرِ زمین فوجی ڈھانچے کی تعمیر کے حوالے سے نمایاں طور پر وابستہ ہو گئے۔
امیر علی حاجی زادہ کے سابق ساتھی ناصر کاوے کے مطابق، ایران کے میزائل شہروں کے نام سے مشہور ہونے والے منصوبے کی تعمیر کا آغاز امیر علی حاجی زادہ ہی نے کیا تھا۔ اِس منصوبے کا آغاز چند نوجوان انجینیئروں نے کیا جنہوں نے ابتدائی نوعیت کی سرنگیں اور ذخیرہ گاہیں تعمیر کیں۔
ناصر کاوے کے بیان میں ایک تفصیل خاص طور پر قابلِ توجہ ہے۔ اُن کے مطابق، شمالی کوریا کے دورے کے دوران امیر علی حاجی زادہ نے زیرِ زمین میزائل داغنے والے سائلو (میزائلوں کے لیے مخصوص زیرِ زمین لانچنگ تنصیبات) دیکھے اور ایران واپس آ کر اسی نوعیت کا نظام تیار کرنے کا عزم کیا۔ اُنہوں نے انجینیئرنگ کے تفصیلی نقشے موجود نہ ہونے کے باوجود ایک ٹیم تشکیل دی، جس نے ایران میں اِس نظام کا اپنا ماڈل تیار کیا۔

اِس نظام میں بڑی تبدیلی 1990 کی دہائی کے اواخر سے آنا شروع ہوئی۔ علی بلالی کے مطابق، ایران نے میزائل یونٹس کو تہران کے گرد ایک جگہ جمع رکھنے کی بجائے ملک بھر کے مختلف مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا۔ اِس کے پیچھے یہ مفروضہ کارفرما تھا کہ مستقبل میں امریکہ یا اسرائیل کے ساتھ تصادم کا اِمکان موجود ہے اور ایران کو ابتدائی حملے کے بعد بھی اپنی جنگی صلاحیت برقرار رکھنے کی ضرورت ہوگی۔
اِس کے نتیجے میں محفوظ فوجی تنصیبات کا ایک وسیع ہوتا ہوا نیٹ ورک وجود میں آیا، جن میں سے بعض مبینہ طور پر زمین سے سینکڑوں میٹر نیچے واقع ہیں۔ اکتوبر 2015 میں آئی آر جی سی نے پہلی مرتبہ اپنے میزائل شہروں میں سے ایک کو عوامی سطح پر ظاہر کیا، یوں ایک خفیہ فوجی منصوبہ سیاسی پیغام رسانی کے ایک ذریعے میں تبدیل ہو گیا۔
اِس کا مقصد محض میزائلوں کو چھپانا نہیں تھا بلکہ ممکنہ دشمنوں کو یہ باور بھی کرانا تھا کہ ایران تباہ کُن حملوں کا سامنا کرنے کے باوجود جوابی کارروائی کرنے کی صلاحیت برقرار رکھ سکتا ہے۔ یہ سوچ آئی آر جی سی کی وسیع تر حکمتِ عملی یعنی غیر مرکزی یا موزائیک دفاع سے بھی مطابقت رکھتی تھی، جس کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ بڑے فوجی کمانڈ مراکز یا تنصیبات تباہ ہونے کے باوجود فوجی کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔
تاہم ایران کی زیرِ زمین تنصیبات کبھی ناقابلِ تسخیر نہیں رہیں۔ اسرائیلی اور امریکی حملے ملک کے میزائل ڈھانچے کی کمزوریاں سامنے لائے ہیں اور اب اِن تنصیبات پر خرچ کیے گئے بھاری وسائل کے حوالے سے سوالات اُٹھنے لگے ہیں، جن کی نشاندہی اور اِنہیں نشانہ بنانا اب بھی ممکن ہے۔
غزہ کی سرنگیں
فلسطینی تجربہ شاید اِس دلیل کو سب سے واضح انداز میں چیلنج کرتا ہے کہ تہران نے زیرِ زمین جنگ کی مشترکہ حکمت عملی ایجاد کی اور پھر اسے دوسروں تک منتقل کیا۔
غزہ کے سرنگوں کے نیٹ ورک کی ابتدا 1980 کی دہائی کے اوائل میں رفح سے جوڑی جا سکتی ہے، جب مصر اور اسرائیل کے زیرِ قبضہ غزہ کی پٹی کے درمیان سرحد نے فلسطینی خاندانوں اور برادریوں کو ایک دوسرے سے جدا کر دیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، ابتدائی سرنگوں میں سے بعض لوگوں کو دوبارہ آپس میں ملانے اور سامان کی نقل و حرکت ممکن بنانے کے لیے کھودی گئی تھیں۔
بعد ازاں سمگلنگ ایک بڑی سرگرمی بن گئی، خصوصاً اُس وقت جب پابندیوں میں مزید سختی آئی۔ صدی کے اختتام کے قریب جب حماس اور دیگر فلسطینی مسلح گروہوں نے سرنگوں کو جنگی مقاصد کے لیے استعمال کرنا شروع کیا تو یہ طریقہ پہلے ہی رائج ہو چکا تھا۔

دوسری انتفاضہ نے سرنگوں کی فوجی اہمیت میں مزید اضافہ کیا۔ اِن سرنگوں نے فلسطینی جنگجوؤں کو ہتھیاروں اور اہلکاروں کی نقل و حرکت، اسرائیلی نگرانی سے بچنے اور مضبوط فوجی ٹھکانوں پر حملے کرنے کے مواقع فراہم کیے۔ سال 2005 میں غزہ سے اسرائیل کے انخلا اور بالخصوص سال 2007 میں حماس کے اقتدار سنبھالنے کے بعد عائد کی گئی ناکہ بندی کے نتیجے میں زیرِ زمین ڈھانچہ اِس تحریک کی بقا کے لیے مزید اہم ہو گیا۔
ایران نے بلاشبہ حماس کی فوجی صلاحیتیں بڑھانے میں مدد دی۔ تہران نے اِسے ہتھیار، تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کی، جس میں میزائلوں اور راکٹوں کی تیاری سے متعلق معلومات بھی شامل تھیں۔ ایرانی حکام خود بھی اِس بات کی اہمیت تسلیم کر چکے ہیں کہ اتحادیوں کو تیار شدہ ہتھیار فراہم کرنے کی بجائے انہیں ہتھیار بنانے کی تکنیکی مہارت منتقل کی جائے۔
یہ دعوے بھی سامنے آئے ہیں کہ ایرانی معاونت حماس کی سرنگوں کی دوبارہ تعمیر اور اِن میں بہتری لانے تک پھیلی ہوئی تھی۔ تاہم دستیاب شواہد غزہ کے زیرِ زمین نیٹ ورک کی ابتدا یا اس کے ڈیزائن کے مقابلے میں ہتھیاروں کی تیاری کے شعبے میں ایرانی معاونت کے حوالے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔
فلسطینی جنگجوؤں کو سرنگوں کے فوجی فوائد سمجھنے کے لیے ایرانی تربیت کی ضرورت نہیں تھی۔ اُن کے حالات نے خود اِس حکمتِ عملی کو تقریباً ناگزیر بنا دیا تھا۔ غیر معمولی تکنیکی برتری رکھنے والی اسرائیلی فوج کے مقابلے میں زیرِ زمین پناہ گاہیں اور نقل و حرکت منظم جنگی قوت برقرار رکھنے کے چند دستیاب طریقوں میں سے ایک تھی۔
حزب اللہ کی سرنگیں
لبنان کی صورتِ حال اِس سے مختلف ہے۔ حزب اللہ کا زیرِ زمین فوجی ڈھانچہ اسرائیل کے ساتھ اُس کی طویل کشمکش کے نتیجے میں پروان چڑھا، خصوصاً 1982 سے 2000 تک جنوبی لبنان پر اسرائیلی قبضے کے دوران۔ اِس علاقے کے دشوار گزار پہاڑی جغرافیے نے خفیہ ٹھکانے بنانے کے مواقع فراہم کیے جب کہ اسرائیلی فضائی طاقت نے حزب اللہ کو اپنے جنگجوؤں، ہتھیاروں اور مواصلاتی نظام کو محفوظ بنانے پر مجبور کیا۔
سال 2000 میں اسرائیل کے انخلا کے بعد حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں مضبوط فوجی ٹھکانوں اور زیرِ زمین بنکروں کا اپنا نیٹ ورک مزید وسیع کیا۔ سال 2006 کی جنگ تک اسرائیلی افواج کو ایسے حریف کا سامنا تھا جس نے کئی برسوں سے دفاعی پوزیشنیں اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تنصیبات تیار کر رکھی تھیں۔

اِس معاملے میں ایرانی مداخلت کے شواہد زیادہ مضبوط ہیں۔ حزب اللہ کے آئی آر جی سی کے ساتھ حماس یا حوثیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ گہرے اور طویل فوجی تعلقات رہے ہیں۔ ایرانی مالی معاونت، تربیت اور تکنیکی مدد نے اُسے ایک گوریلا تحریک سے ایسی تنظیم میں تبدیل کرنے میں مدد دی جو اسرائیل کے ساتھ طویل فوجی تصادم کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایران کی ایک شخصیت اس بات کی مثال پیش کرتی ہے کہ شہری تعمیرِ نو اور فوجی تعاون کس طرح ایک دوسرے سے جڑے ہو سکتے ہیں۔ حسن شاطری، جو آئی آر جی سی کے انجینیئر تھے اور حسام خوش نویس کے نام سے کام کرتے تھے، ایران عراق جنگ کے دوران اور اِس کے بعد کئی برس تک فوجی انجینیئرنگ کے منصوبوں پر کام کرتے رہے تھے۔
ایران کے سابق پولیس سربراہ اسماعیل احمدی مقدم کے مطابق، انہوں نے سال 2005 میں حسن شاطری کو اپنے انجینیئرنگ ڈپٹی کے طور پر بھرتی کرنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن قاسم سلیمانی نے مداخلت کرتے ہوئے وضاحت کی کہ حسن شاطری کو پہلے ہی آئی آر جی سی کی قدس فورس کے انجینیئرنگ منصوبوں کے لیے مقرر کیا جا چکا ہے۔ قدس فورس آئی آر جی سی کا بیرونِ ملک کارروائیوں کا ذمے دار شعبہ ہے۔
سال 2006 کی جنگ کے بعد حسن شاطری نے لبنان میں ایران کی تعمیرِ نو کی کارروائیوں کی سربراہی کی اور سڑکوں اور پُلوں سے لے کر عوامی عمارتوں تک مختلف منصوبوں کی نگرانی کی۔ تاہم اُن کی سرگرمیوں کا ایک سکیورٹی پہلو بھی تھا۔ 2010 میں امریکی محکمۂ خزانہ نے اُن پر اور لبنان کی تعمیرِ نو کے لیے ایرانی کمیٹی پر پابندیاں عائد کیں۔ امریکہ نے الزام عائد کیا کہ یہ دونوں حزب اللہ کو انجینیئرنگ مہارت اور دیگر معاونت فراہم کر رہے تھے، جس میں حزب اللہ کے نجی مواصلاتی نیٹ ورک کے لیے مدد بھی شامل تھی۔
اسرائیلی محققین نے اِس سے بھی آگے بڑھتے ہوئے حسن شاطری کو حزب اللہ کے پھیلتے ہوئے زیرِ زمین ڈھانچے کے پیچھے ممکنہ اہم شخصیت قرار دیا ہے اور اِس امکان کا بھی اظہار کیا ہے کہ اِس کام میں شمالی کوریا کی تکنیکی معاونت حاصل کی گئی ہو۔ اس مخصوص دعوے کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم حسن شاطری کا پیشہ ورانہ کیریئر یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایران کے پاس حزب اللہ کے بڑے انجینیئرنگ منصوبوں میں مدد دینے کے لیے مہارت اور تنظیمی نیٹ ورک دونوں موجود تھے۔
اگست 2024 میں حزب اللہ نے اپنی زیرِ زمین تنصیب عماد-4 کی ویڈیو جاری کی، جس میں بظاہر ایک جدید کمپلیکس دکھایا گیا تھا جہاں میزائل لانچر لے جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت ممکن تھی۔ اِس تنصیب اور ایران کے میزائل شہروں کے درمیان مماثلت کو نظرانداز کرنا مشکل تھا۔

لیکن یہاں بھی اثر و رسوخ کا سفر لازمی طور پر صرف ایک ہی سِمت میں نہیں ہوا۔ ایرانی فوجی منصوبہ سازوں نے سال 2006 کی جنگ کے دوران حزب اللہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا، خصوصاً اسرائیلی فضائی حملوں کا مقابلہ کرنے اور فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کی اُس کی صلاحیت کا۔ حزب اللہ محض ایرانی فوجی نظریات سے متاثر ہونے والی ایک تنظیم نہیں تھی بلکہ میدانِ جنگ میں اُس کے تجربات نے تہران کو بھی اہم اسباق فراہم کیے۔
حوثی سرنگیں
حوثی ایک تیسری اور مختلف مثال پیش کرتے ہیں۔ اُن کی تحریک یمن کے پہاڑی شمالی علاقے میں ابھری، جہاں دشوار گزار جغرافیے نے نسلوں سے جنگی حکمتِ عملیوں کو متاثر کیا ہے۔ ایرانی فوجی معاونت اہم ہونے سے بہت پہلے ہی یمن میں مسلح گروہ غاروں، پہاڑی ٹھکانوں اور خفیہ ذخیرہ گاہوں پر انحصار کرتے رہے تھے۔
حوثیوں نے یمن میں جب اپنا کنٹرول بڑھایا تو انہیں یمنی ریاست سے ورثے میں ملنے والا فوجی ڈھانچہ بھی حاصل ہوا، جس میں محفوظ اسلحہ گاہیں اور میزائلوں سے متعلق تنصیبات شامل تھیں۔ اِس فوجی ڈھانچے کی جڑیں سرد جنگ کے دور تک جاتی ہیں، جب سوویت یونین نے شمالی اور جنوبی یمن کو میزائل فراہم کیے تھے، جن میں سکڈ بیلسٹک میزائل بھی شامل تھے۔
علی عبداللہ صالح کے دورِ صدارت میں یمن نے زیرِ زمین میزائل ذخیرہ کرنے کی تنصیبات بھی تیار کی تھیں، جن میں صنعا کے قریب واقع جبلِ عطان بھی شامل تھا۔ یمنی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اِن سرنگوں کی تعمیر میں ابتدا میں چینی ٹھیکیدار شامل تھے، تاہم اطلاعات کے مطابق 1990 کی دہائی میں روسی انجینیئروں نے یہ کام سنبھال لیا تھا۔ البتہ ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنا مشکل ہے۔ اس طرح حوثیوں کو ایسا فوجی ڈھانچہ ورثے میں ملا جس کی غیر ملکی معاونت کی تاریخ تہران کے ساتھ اِن کے تعلقات سے بھی پہلے کی ہے۔
سال 2015 میں سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت میں فوجی مداخلت شروع کیے جانے کے بعد زیرِ زمین تحفظ کو وسعت دینے کی ضرورت مزید بڑھ گئی۔ حوثیوں کو ایک ایسے اتحاد کا سامنا تھا جسے فضائی طاقت میں غیر معمولی برتری حاصل تھی، اِس لیے اِنہیں اپنی بڑھتی ہوئی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو محفوظ رکھنے کی ضرورت تھی۔
فوجی تجزیہ کار مائیکل نائٹس نے حوثیوں کی جانب سے پہلے سے موجود زیرِ زمین تنصیبات کے استعمال کو دستاویزی شکل دی ہے، جن میں صنعا کے علاقے جبلِ عطان کے قریب موجود تنصیبات بھی شامل ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ بعد ازاں بعض تنصیبات کو ایرانی اور حزب اللہ کی طرز پر بہتر بنایا گیا۔
ایرانی معاونت نے حوثیوں کے میزائلوں اور ڈرونز کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ تاہم اس بات کے شواہد بہت کمزور ہیں کہ تہران نے حوثیوں کا زیرِ زمین فوجی ڈھانچہ خود ڈیزائن کیا تھا۔
یمن کا جغرافیہ، ورثے میں ملنے والے فوجی اثاثے اور برسوں تک فضائی حملوں کا سامنا کرنے کے تجربے نے پہلے ہی حوثیوں کو ایسی صلاحیتیں تیار کرنے کے لیے مضبوط وجوہات فراہم کر دی تھیں۔ اِس معاملے میں زیرِ زمین تنصیبات کا مقصد غزہ کی طرح جنگجوؤں کی نقل و حرکت کے لیے ایک وسیع نیٹ ورک بنانا کم اور فوجی اثاثوں کو تباہی سے محفوظ رکھنا زیادہ تھا۔
مشترکہ حکمتِ عملی، مختلف تاریخیں
اِن چاروں مثالوں کا سب سے اہم پہلو یہ نہیں کہ اِن کے زیرِ زمین نظام ایک دوسرے سے مشابہت رکھتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ اِن سب کی ابتدا مختلف حالات میں ہوئی۔
ایران کے میزائل شہر عراق کے ساتھ جنگ کے تلخ تجربے اور بعد ازاں امریکی و اسرائیلی حملوں کے خدشات کے نتیجے میں وجود میں آئے۔ غزہ کی سرنگیں مقامی سمگلنگ نیٹ ورکس اور اسرائیلی فوجی بالادستی کی زمینی حقیقتوں کے تحت پروان چڑھیں۔ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط فوجی ٹھکانے تعمیر کیے۔ حوثیوں نے مسلسل فضائی حملوں سے بچنے کے لیے یمن کے پہاڑی جغرافیے اور ورثے میں ملنے والے فوجی ڈھانچے کو اپنے مقاصد کے مطابق ڈھالا۔













