انقرہ- - - - - - ترک حکومت نے واضح کیا ہے کہ قطر میں ترکی نے فوجی اڈہ دوحہ حکومت کی درخواست پر قائم کیا۔ ترکی نے قطر کو ایسی کوئی پیشکش نہیں کی تھی۔ ترک وزیراعظم نے توجہ دلائی کہ قطر میں ترک اڈے کے قیام کا فیصلہ عرب ممالک کے ساتھ قطر کے حالیہ بحران کا نتیجہ نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر قطر اپنے یہاں ترکی کے فوجی اڈے سے بے نیازی ظاہر کرے گا تو اڈہ فوراً بند کردیا جائے گا۔ انہوں کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی محاذ آرائی کی نہیں ہم انصاف اور قانون کیلئے کوشاں ہیں۔ اپنے بھائیوں اور دوستوں کے درمیان جھڑپ نہیں چاہتے۔ ترکی خلیج کے تمام ممالک میں قیام امن کیلئے دوست ملک کی حیثیت سے موجود ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلیج میں کشیدگی کا نقصان ہر ملک کو ہوگا۔ کشیدگی کی شدت کم کی جائے۔کشیدگی پیدا کرنے والے تمام اسباب کا ازالہ کیا جائے۔ ترکی بحران کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ کوئی بھی فریق ترکی کے کردار سے الجھن کا شکار نہ ہو۔