اسلام آباد... ایم کیو ایم پاکستان نے وزارت عظمی کے لئے ن لیگ کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کردی۔ پارلیمنٹ لاجز میں شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سے ملاقات کی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر شاہد خاقان کی حمایت کی ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ سندھ میں بدترین حکمرانی ہے لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔بدعنوانی کے نئے نئے ریکارڈ بنائے جا رہے ہیں ۔فاروق ستار نے کہا کہ جو بھی وزیراعظم بنے گا اس کے لئے سندھ کی اہمیت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے لیکن اس شہر کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ کراچی نہیں چلے گا تو پاکستان بھی نہیں چلے گا۔ شاہد خاقان نے کہا ہے کہ سندھ کے مسائل حل کریں گے۔ انہیں لاوارث نہیںچھوڑیں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے شاہدخاقان عباسی کو وو ٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کی 24نشستیں ہیں۔