Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشتگردوں کو چن چن کر ماریں گے، جنرل باجوہ

لاہور ....آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آج پاکستان اپنے اصل راستے پر گامزن ہے جو آئین اور قانون کا راستہ ہے۔ ہر ادارہ ایمانداری اورتندہی سے اپنا کام کررہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ہم پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بناکر دم لیں گے۔ گزشتہ شب واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ ملک اللہ او راسکے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر حاصل کیا گیا۔ اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ آزادی کے وقت پاکستان معاشی ، سیاسی اور دفاعی طور پر کمزور تھا لیکن قلیل وسائل کے باوجود ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا اور آج الحمدللہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ ہمارے دشمن مغرب میں ہوں یا مشرق میں ان سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ دہشتگردوں کو چن چن کر ماریں گے اور انہیں انجام تک پہنچائیں گے۔ دہشتگردوں کی گولیاں ختم ہوجائیں گی لیکن ہمارے جوانوں کے سینے ختم نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی آپریشن ردالفساد کا سپاہی ہے اور قوم کے عزم کو کوئی خطرہ متزلزل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہم پر اپنے شہیدوں کا خون قرض ہے ۔ ہم اُس فوج سے تعلق رکھتے ہیںجس نے سیاچن جیسے مشکل ترین علاقے میں اپنے جوانوں کے جسد خاکی نکالنے کیلئے پورا گلیشیئر کھود ڈالا تھا۔
 

شیئر: