Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خادم حرمین شریفین کیجانب سے حجاج میں قرآن کریم کے نسخوں کی تقسیم

جدہ .... شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس کی جانب سے حجاج کرام میں قرآن کریم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ ادارے کی جانب سے تحائف تقسیم کرنے کےلئے ہوائی اڈوں اور بری چوکیوں کے علاوہ بندرگاہوں پر بھی اضافی عملہ متعین کردیا گیا ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر اسلامی امور اور دعوہ والارشاد کے مشیر اور خادم حرمین شریفین کی جانب تحائف کی تقسیم کرنے والی کمیٹی کے سربراہ شیخ طلال العقیل نے بتایا کہ امسال 10 لاکھ 75ہزار قرآن کریم کے نسخے حجاج کرام میں تقسیم کئے جائیں گے جن میں مختلف زبانوں میں کئے گئے تراجم بھی شامل ہیں ۔ تحائف کی تقسیم کےلئے 1000 اہلکاروں کو متعین کیا گیا ہے جن میں سپروائز ر اور کارکن بھی شامل ہیں ۔ شیخ طلال نے مزید کہا کہ شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس کی جانب سے ہر برس خادم حرمین شریفین کی جانب سے ہر حاجی کو تحفے کے طور پر قرآن کریم دیا جاتا ہے جن میں ترجمے والے قرآن کریم بھی شامل ہوتے ہیں ۔ تحائف کی تقسیم مقررہ پروگرام کے تحت کی جاتی ہے جن کا پہلے سے شیڈول مرتب کر دیا جاتا ہے تاکہ کسی قسم کی کمی نہ رہے ۔ شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس کی جانب سے اردو ، انگلش ، فارسی ، فرانسیسی ، جرمن اور دیگر زبانوں میں ترجمے بھی شائع کئے جاتے ہیں ۔ اس ضمن میں حجاج کا کہنا ہے کہ یہ سب سے قیمتی تحفہ ہے جو ہمیں ارض مقدس سے ملا ۔ واضح رہے ہر برس شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس کی جانب سے قرآن کریم کے علاوہ دینی امور پر مشتمل مختلف زبانوں میں کتابچے وزارت اسلامی امور کی نگرانی میں چھاپے جاتے ہیں جو ہوائی اڈوں پر حجاج میں تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ 

شیئر: