Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج موسم کی کامیابی سے فتنے کی سرکوبی،اشرفی

لاہو ر.... پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ برما کی حکومت سے تعلقات ختم کرکے سفارتخانے کو بند کرے اور برما کے سفیر کو واپس بھیجے ، حکومت پاکستان برما کے مسلمانوں کو پاکستان لائے ، پاکستان علماء کونسل علم و امن فائونڈیشن کے ساتھ مل کر دس ہزار برمی مسلمانوں کے اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہے ۔انہوں نے یہ مطالبہ جامعہ اشرفیہ لاہور میں برما کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں ہونے والے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ اشرفی نے واضح کیا کہ امت مسلمہ اور عالمی برادری نے برما کے مسئلہ پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، برما میں ہونے والے غیر انسانی سلوک کی وجہ سے پوری دنیا میں بین المذاہب ہم آہنگی کو نقصان ہو رہا ہے۔ اشرفی نے کہا کہ حج موسم کی کامیابی سے ملائوں کی سازشوں، قطری فتنے اور بدی کی طاقتوں کو شکست فاش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان چین کی حکومت سے رابطہ کرے اور برما میں ہونے والے مظالم کو رکوانے کیلئے چین سے کردار ادا کرنے کو کہا جائے ۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز سے مطالبہ کیا کہ وہ اسلامی سربراہوں کا اجلاس بلوائیں اور برما کے مظلوم مسلمانوں کیلئے متفقہ لائحہ عمل اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 10 اکتوبر کو پاکستان میں موجود تمام مذاہب کے نمائندوں کا اجلاس بلایا جا رہا ہے جس میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا ۔

شیئر: