Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 24 گھنٹے قید ہو گی ، کرنل طارق

  ہیڈ فون استعمال کیا جاسکتا ہے ، قوانین پر عمل کرنا ہر ایک کا فرض ہے ، ترجمان محکمہ ٹریفک پولیس 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ٹریفک پولیس کے ترجمان کرنل طارق الربیعان نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 24 گھنٹے قید کی سزا ہو گی ۔ ہیڈ فون استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اردو نیوز کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر محکمہ ٹریفک پولیس کے مرکزی ترجمان کرنل طارق الربیعان نے مزید کہا کہ قوانین لوگوں کی سلامتی کے لئے مرتب کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ زیادہ تر ٹریفک حادثات قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں ۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال انتہائی خطرناک ثابت ہوتا ہے اس حوالے سے محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے متعدد بار آگاہی مہم چلائی گئی تاکہ لوگوں کو اس کے خطرناک پہلوﺅں سے آگاہ کیا جاسکے ۔ حادثات کی روک تھا م اور ٹریفک کو منظم رکھنے کےلئے قوانین مرتب کئے جاتے ہیں جن پرعمل نہ کرنے والوں پر سزا کا نفاذ کیا جاتا ہے تاکہ وہ خود اور دوسرے بھی خطرناک حادثات سے محفوظ رہیں ۔ کرنل طارق الربیعان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے حادثات پر قابو پانے اور لوگوں کی حفاظت کے پیش نظر وقتا فوقتا آگاہی مہم چلائی جاتی ہے اس ضمن میں محکمہ کی جانب سے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کے سنگین خطرات کے بارے میں لوگوں کو متنبہ کیا جا چکا ہے علاوہ ازیں انتباہی پیغامات بھی مختلف شہروں میں چسپاں کئے تھے جن پر واضح انداز میں موبائل فون کے استعمال کی ممانعت کی گئی تھی تاکہ لوگوں کو خطرات سے آگاہ کیا جاسکے ۔ واضح رہے دوران ڈرائیونگ اکثر لوگ موبائل فون استعمال کرتے ہیں جبکہ بعض تو سوشل میڈیا پر چیٹ بھی کرتے ہیں جو سنگین حادثات کا سبب بن جاتا ہے۔ ا س حوالے سے شہریوں اور تارکین کا کہنا ہے کہ گاڑی چلانے کے دوران موبائل فون کا استعمال انتہائی ضروری حالت میں اور بہت مختصر کیا جائے کیونکہ موبائل فون استعمال کرنے سے ڈرائیور کی توجہ دوسری جانب مبذول ہو جاتی ہے جس سے حادثے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے ۔ بعض لوگوں کو ڈرائیونگ کے دوران چیٹنگ کرتے بھی دیکھا گیا ہے جو انتہائی خطرنا ک ہو تا اس سے اجتناب کرنا چاہئے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاں موبائل فون سے لوگوں کو سہولت ہوئی ہے وہاں دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ہمیں اس بارے میں خصوصی احتیاط برتنا چاہئے تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جاسکے ۔ 

شیئر: