Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کٹھ پتلی وزیر داخلہ نہیں بن سکتا، احسن اقبال

  اسلام آباد...احتساب عدالت میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر وزیرداخلہ احسن اقبال برہم ہو گئے۔ احسن اقبال سمیت دیگر وفاقی وزراء جب احتساب عدالت میں داخل ہونے لگے تو رینجرز اہلکاروں نے انہیں اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ احسن اقبال نے اہلکاروں سے کہا کہ وہ وزیرداخلہ ہیں ۔رینجرز میرے ماتحت ہیں۔ بتایا جائے کس نے رینجرز کو یہاں تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیرداخلہ نے اہلکاروں سے پوچھا کہ رینجرز کو کون کمانڈ کررہا ہے تاہم کوئی افسر سامنے نہیں آیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ وزیرداخلہ سمیت کابینہ کے متعدد ارکان کو احتساب عدالت کے باہر روک لیا گیا۔چیف کمشنر نے بتایا کہ اچانک رینجرز آئی اور جگہ کو نگرانی میں لے لیا ، رینجرز سول انتظامیہ کے ماتحت کام کرنے کی پابند ہے۔ اس صورت حال کا نوٹس لئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ ایک ریاست کے اندر 2 ریاستیں نہیں چل سکتیں۔یہاں ایک قانون ہوگا، ایک حکومت ہوگی۔کٹھ پتلی وزیر داخلہ نہیں بن سکتا۔ اگر ایسا ہوا تو میں وزارت سے مستعفی ہو جاوں گا۔احسن اقبال نے کہا کہ بند کمروں میں ٹرائل مارشل لامیں ہوتے ہیں۔

شیئر: