Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد

اسلام آباد...احتساب عدالت نے حاضر ی سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے ۔اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ اسحاق ڈاراوران کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ خواجہ حارث کے معاون وکیل عائشہ حامد نے اسحاق ڈار کی میڈیکل رپورٹ عدالت پیش کرتے ہوئے کی حاضری سے استثنی کی درخواست کی۔انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار عارضہ قلب میں مبتلا ہیں ۔ ڈاکٹروں نے انجیو گرافی کے لئے کہا ہے ۔ جمعہ کو لندن میں انجیوگرافی کی جائے گی ۔ وہ4 منٹ سے زیادہ چل پھرنہیں سکتے۔ ڈاکٹروں کی اجازت کے بعد معلوم ہوگا اسحاق ڈار کب واپس آئیں گے۔ نیب پراسیکیوٹر نے استثنی دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کسی نجی اسپتال سے بنوائی گئی ۔ اسے عدالت کے قوانین کے تحت بھی جمع نہیں کرایا گیا۔ رپورٹ پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے دفترخارجہ کو بھجوانی چاہیئے تھی۔ عدالت نے اسحاق ڈار کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت8 نومبر تک ملتوی کردی ۔

شیئر: