Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی یونیورسٹی الاخوان تنظیم کے انتہا پسندانہ افکار سے نئی نسل کو آگاہ کرے گی

ریاض۔۔۔ امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی ریاض الاخوان المسلمون تنظیم کے خطرناک افکار انتہا پسندانہ اور دہشت گردانہ نظریات کو طشت از بام کرنے کیلئے علمی پروگرام منعقد کرے گی۔ یونیورسٹی کے کالجوں اور مملکت کے تمام علاقوں میں موجود علمی مراکز کی مددسے مہم چلائی جائے گی۔ سیکریٹری جامعہ برائے امور طالبات ڈاکٹر عبدالعزیز الھلیل نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ آگہی پروگرام کا مقصد نئی نسل کو اس بات سے آگاہ کرنا ہے کہ الاخوان کی تنظیم  کس قدر پرخطر ہے۔ اس کے انتہا پسندانہ اور دہشت گردانہ افکارو خیالات اسلامی معاشرے کو کیا کچھ نقصانات پہنچا سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت یہ بھی واضح کیا جائے گا کہ الاخوان شرعی ، علمی ، تربیتی ، تحقیقی ، ابلاغی، دعوتی ، سماجی اور اقتصادی شعبوںمیں اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے کس قسم کے حربے آزما رہے ہیں۔ امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی اہل و سنت والجماعت کے عقائد کی ترویج و اشاعت ، قیادت کی پابندی اور معاشرے سے وابستگی کی اہمیت بھی اجاگر کرے گی۔علاوہ ازیں  تفرقے و انتشار کے سنگین نتائج سے بھی نئی نسل کو مطلع کیا  جائے گا جبکہ طلبا و طالبات کو انتہا پسندی، شدت پسندی، کجروی اور دہشت گرد جماعتوں سے بچانے کا بھی اہتمام ہوگا۔ سیکریٹری جامعہ برائے منصوبہ بندی ڈاکٹر عبداللہ الصامل نے بتایا کہ اس کے تحت کالجوں ، علمی مراکز اور کلاس رومز میں لیکچرز اور سیمینارز ہوں گے۔ مرد و خواتین اساتذہ یہ کام انجام دیں گے۔ طلباو طالبات کیلئے 7روزہ آگہی نمائش بھی منعقد کی جائیگی۔ مکالمہ مجلسوں کا گوشہ قائم کیا جائے گا اور ورکشاپ بھی ہوں گے۔ 
 
 

شیئر: