Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف میں بغاوت ہوچکی ،احسن اقبال

نارووال...وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں غیریقینی صورتحال پیداکرناچاہتے ہیں۔کسی بھی طریقے سے قومی و صوبائی اسمبلیاں توڑ کر سینیٹ الیکشن رکوا نے کی کوشش ہے۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ تحریک انصاف میں بغاوت ہوچکی ہے۔ کے پی کے میں ان کے ممبران نے اعلان کردیا کہ وہ سینیٹ میں اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں گے۔ عمران خان قبل ازوقت الیکشن کی بات کرتے ہیں جو کے پی اور بلوچستان کے مفاد میں نہیں ۔ انہیں دونوں صوبوں کی فکر نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کی جلدی ہے ۔ عمران خان جمہوری عمل کے تسلسل کو روکنے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ۔احسن اقبال نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ اونچا نہ اڑیں۔ ضد و انا کی سیاست چھوڑ دیں۔عمران خان کی سیاست سے ملکی معیشت کونقصان پہنچ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل سیاسی اتحاد ہوتے بنتے رہتے ہیں لیکن مصنوعی سانسوں اور وینٹی لیٹر پر چلنے والا اتحاد زیادہ دیر کامیاب نہیں ہوسکتا ۔ سیاست میں وہی اتحاد کامیاب ہوتا ہے جس کی پشت پر عوامی طاقت ہو ۔ مسلم لیگ(ن) کو عوامی تائید و اعتماد حاصل ہے۔ تمام سازشیں اور اتحاد ناکام ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے مطابق مقررہ وقت پر ہونگے۔

شیئر: