عمران خان کی بہنوں کا اڈیالہ جیل کے قریب دھرنا، ’لوگوں کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے‘
سلمان اکرم راجہ نے کہا ’وہ لمحہ آئے گا جب لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔‘ (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور رہنما اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کی بہنوں کے ساتھ راولپنڈی کے گورکھپور فیکٹری ناکے پر احتجاج کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کی بہنوں اور ان کے وکلاء کو ان کے ساتھ ملاقات کی اجازت دی جائے۔
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کو مسلسل قیدی تنہائی میں رکھا جارہا ہے۔ یہ غیرقانونی اور غیر آئینی سلوک اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہاں پر احتجاج اور دھرنا دیے بیٹھے ہوئے ہیں ۔ہم یہاں کوئی قانون نہیں توڑ رہے اور کوئی خلاف آئین اقدام نہیں کرے رہے۔‘
’جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی جاتی ہم یہیں پر موجود رہیں گے۔‘
عمران خان کی دوسری بہن عظمیٰ خان نے کہا کہ ’ہم انتظار کر رہے ہیں۔ اگر وہ (جیل حکام) چاہیں تو رات کے 12 بجے بھی ملاقات کروا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں عمران خان کی بہن ہوں، مجھے سیاسی بات کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ آزادی رائے کا مجھے حق ہے۔ میں جو بھی کہوں مجھے کون روک سکتا ہے۔‘
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ’ہمیں عمران خان کی رہائی کے لیے لوگوں کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔ وہ لمحہ آئے گا جب لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔‘
انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ اگر کوئی انتہائی اقدام کریں گے، وہ صرف بے وقوفی ہو گی۔‘
