Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت : خواتین کو بیرون شہر بھی ڈرائیونگ کی اجازت ہوگی، منصور الترکی

ٹریفک قوانین خواتین اور مردوں کیلئے یکساں ہیں، کوئی فرق نہیں، استمارے کی میعاد ختم کی جاسکتی ہے
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ مملکت میں خواتین کو بیرون شہر بھی ڈرائیونگ کی اجازت ہو گی ۔ قانون ٹریفک مرد و خواتین دونوں کیلئے یکساں ہے۔ وہ ریاض میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس کا انتظام ڈائریکٹریٹ جنرل ٹریفک نے کیا تھا ۔ ٹریفک پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر ترجمان وزارت داخلہ منصور الترکی کی جانب سے وضاحت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ خواتین بھی سعودی قانون ٹریفک کی اسی طرح پابند ہونگی جیسا کہ مرد حضرات ہیں۔ سعودی قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے والی خاتون کو یہ اختیار ہو گا کہ وہ قانون کے مطابق گاڑی چلائے خواہ وہ شہر کے اندر ہو یا شہر سے باہر ۔ ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر کرنل محمد البسامی نے کہا کہ قوانین میں بہتری لانے اور شہریوں اور مقیمین کو سہولت فراہم کرنے کےلئے کوشا ں ہیں اس ضمن میں گاڑیوں کی ملکیتی دستاویز ( استمارہ) کی میعاد ختم کر دی جائے گی ۔ ( واضح رہے استمارے کی میعاد 3 برس کےلئے ہوتی ہے جس کی فیس 300 ریال تھی ) ۔ پریس کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ ٹریفک قوانین لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے مرتب کئے جاتے ہیں ۔ قوانین پرعمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ گزشتہ برس 1438ھ کے دوران مملکت میں 4لاکھ 60 ہزار 488 ٹریفک حادثات ہوئے جن میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 489 جبکہ زخمی ہونے والے 33 ہزار 199 رہے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں اکثریت نوجوانوں کی رہی جن کی عمریں 18 سے 30 برس کے درمیان تھی۔ اندرون شہر حادثات میں جاں بحق ہونے والے 32 جبکہ ہائی وے پر ہونے والے حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کا تناسب 68 فیصد رہا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر زاید الطویان نے کہا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے رجحان کو ختم مکمل طور پر ختم کرنے کےلئے جدید ترین کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے جن کے ذریعے سیٹ بیلٹ اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر گفتگوکرنے والوں کا چالان کیا جاسکے گا ۔ جدید ترین سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیور اورگاڑی کی واضح تصاویر حاصل کی جاسکیں گی اس سے قطع نظر گاڑی کی نمبر پلیٹ کو چھپایا گیا ہو یا نہیں جدید کیمرے خلاف ورزی اور گاڑی کی تفصیلات فوری ریکارڈ کر کے سینٹر کو ارسال کر دیں گے ۔ الطویان نے مزید کہا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔ غیر قانونی طور پر اوورٹیک کرنے والوں کے خلاف بھی ساہر سسٹم کے ذریعے چالان کاٹا جائے گا ۔ محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے بتایا کہ ٹریفک اہلکاروں کی گاڑیوں میں متحرک راڈار نصب کئے جائیں گے۔بعض شاہراہوں پر انتہائی رفتار 140کلو میٹر فی گھنٹہ کردی جائیگی۔ ٹریفک کی نئی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ چند ماہ لگیںگے۔ جرمانوں اور خلاف ورزیوں کے نظام پر نظر ثانی ہوگی۔ پوائنٹ سسٹم نافذ کیا جائیگا۔ شاہراہوں پر ای گیٹ قائم کرنے کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے

شیئر: