اسلام آباد.. پاکستان سمیت عالمی براداری نے شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل کے تجربے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے اقوا م متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی قراردے دیا ۔دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کو شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربے پر شدید تحفظات ہیں ۔ بیان میں کہاگیا کہ ایسے میزائل کا تجربہ کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے ۔ پاکستان نے زور دیا کہ شمالی کوریا کو خطے میں امن کے قیام کیلئے بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ جزائر کوریا میں سلامتی اوراستحکام کو برقرار رکھنے کیلئے تمام متعلقہ ممالک کو سفارتکاری اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرناچاہیے۔ امریکہ ،روس سمیت دیگر عالمی رہنماﺅں نے بھی شمالی کوریا کے نئے میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیاہے ۔