Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھنسالی نے ٹھیس پہنچائی، سلمان خان

بالی وڈ اداکار سلمان خان نے کہاہے کہ وہ دوسرے لوگوں کے بارے میں تو نہیں جانتے البتہ سنجے لیلا بھنسالی نے ان کے جذبات کو ضرور ٹھیس پہنچائی ہے۔ ایک تقریب کے دوران سلمان خان کی یہ بات سن کر لوگ حیران رہ گئے اور سمجھے کہ وہ سنجے کی نئی فلم پدماوتی کے حوالے سے گفتگو کررہے ہیں تاہم سلمان خان کے اگلے جملے نے لوگوں کی حیرانی دور کردی ، انہوں نے کہاکہ میں نے سنجے لیلا بھنسالی کو دو ہٹ فلمیں دیں پھر بھی انہوں نے دیوداس کے لئے شاہ رخ کا انتخاب کیا۔فلم پدماوتی کے گرد گھومتے تنازعات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ پدماوتی کے معاملے میں سنسر بورڈ اور عدالت کے علاوہ کسی کو کوئی فیصلہ کرنے کا حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا اچھی بات نہیں تاہم یہ بھی جائز نہیں کہ فلم کو دیکھے بغیر اس پر تنقید کی جائے۔ ہمیں سنسر بورڈ کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔سلمان خان نے کہا کہ جب بھی کسی فلم کو متنازعہ بنایا جاتا ہے یا اس پر تنقید کی جاتی ہے تو اس کا منفی اثر انڈسٹری میں کام کرنے والے ہر فرد پر ہوتا ہے۔ اس سے بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے، لوگ خوف زدہ ہوجاتے ہیں اور سنیما گھروں کا رخ نہیں کرتے۔سلمان خان نے پدماوتی کی مخالفت کرنے والے گروپس سے اپیل کی کہ وہ فلم دیکھنے سے قبل احتجاج نہ کریں۔
 

شیئر: