انصاف کے دوترازونہیں چلیں گے،نواز شریف

لندن ...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کیس میں سپریم کورٹ سے جو فیصلہ آیا وہ خود اپنے منہ سے بول رہاہے۔ منتخب وزیر اعظم کو اقامے پر نکال دیا جاتا ہے اور جو شخص اعتراف کرتا ہے اسے چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ہفتے کو لندن سے لاہور روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے لئے انصاف کے تقاضے کچھ اور ان کے لئے کچھ۔ ایسا اب نہیں چلے گا۔ اس کے خلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے۔ انصاف کے دوترازونہیں چلیں گے۔نواز شریف نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ میں نے تنخواہ نہیں لی،لاکھوں پونڈکے کاروبار کو یہ اثاثہ نہیں کہہ رہے لیکن میری خیالی تنخواہ کو ا نہوںنے اثاثہ مان لیا۔ 28جولائی کے بعد ہماری کہی ایک ایک بات سچ ثابت ہو رہی ہے۔قانون اور آئین کی حکمرانی کے لئے جو کرنا پڑا کروں گا۔میری جدوجہد پاکستان میں قانون اور آئین کی حکمرانی کی ہے۔اسطرح کا انصاف پاکستان میں نہیں چلے گا۔ اسکے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔پہلے ہی کہہ دیاتھا عمران ، جہانگیر ترین کے مقدمات میں مجھے ہی نااہل کیاجائیگا ۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اتوار کی صبح لندن سے وطن واپس پہنچیں گے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز کی سماعت کے سلسلے میں حاضری سے ایک ہفتے کے لئے استثنیٰ دیا تھا ۔ 

شیئر: