Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: آذربائیجان کی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی، تین ملزمان میں سے ایک گرفتار

پنجاب پولیس نے لاہور میں آذربائیجان کی ایک لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے میں تین مشتبہ افراد میں سے ایک کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ذیشان رضا کے مطابق ’آذربائجان کی رہائشی 20 برس کی لڑکی سے سے اجتماعی زیادتی کے ایک ملزم محسن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
ان کے مطابق ’خاتون کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے جس میں اُن سے زیادتی ثابت ہو گئی ہے، جبکہ لڑکی کا 164 کا بیان مجاز عدالت کے روبرو پیش ہو کر کروا لیا گیا ہے۔‘
لاہور پولیس کے مطابق ’آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سال کی لڑکی کاروبار کے سلسلے میں پاکستان آئی ہیں اور وہ گذشتہ 15 روز سے رائے ونڈ روڈ کے قریب رہائش پذیر تھیں۔‘
جمعے کی شام دو نامعلوم خواتین نے انہیں کھانے کی دعوت دی، آذربائیجان کی لڑکی اُن کے ساتھ ایک کیفے میں چلی گئیں جہاں دعوت دینے والی خواتین کے تین ساتھی پہلے سے موجود تھے۔
کیفے میں کھانا کھانے کے بعد یہ افراد غیر ملکی لڑکی کو ایک فلیٹ پر لے گئے، جہاں تینوں مردوں نے اُنہیں مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں انہیں ایئرپورٹ کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
ایس پی کینٹ عثمان عزیزکے مطابق ’ڈیفنس سی میں آذربائیجان کی شہری لڑکی سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی درخواست پر تین نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر کے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا تھا کہ ’ملزمان پر مبینہ طور پر لڑکی کو نشہ آور دوا پلا کر زیادتی کرنے کا الزام ہے۔‘
’متاثرہ لڑکی کی نشان دہی پر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع سے باقی ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل جاری ہے۔‘
ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ ’ملزمان کو تلاش کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
پولیس نے تینوں مرکزی مشتبہ افراد کو ملک سے فرار ہونے سے روکنے کے لیے اقدامات کر رکھے ہیں، اور باقی دو مفرور ملزمان کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔
 

شیئر: