Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منتخب وزیر اعظم کی عزت ہونی چاہئیے،مریم نواز

لاہور... سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اورمسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے حکومت گنوا دی لیکن قوم سے اپنا وعدہ پورا کیا۔ پانامہ اور اقامہ کا ڈرامہ رچا کر نواز شریف کو نااہل کیا گیا۔غلط کو غلط کہنے پر سزا ملی۔زیادہ تر لوگ ایسے ہوتے ہیں جو مشکل پر جان بچا کر بھاگ جاتے ہیں۔ نوازشریف نے اپنے خاندان کی پروا نہ کرتے ہوئے عدل کی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نظریہ جمہوریت میں نظریہ ضرورت نہیں ہوسکتا ۔نواز شریف کا نظریہ یہ ہے کہ جمہوریت میں ملاوٹ نہیں ہوسکتی ۔جسے عوام پلس کریں اسے کوئی مائنس نہیں کرسکتا۔منتخب وزیراعظم پر حملہ ہر ووٹ دینے والے پر حملہ ہوتا ہے۔20 کروڑ عوام کی رائے پر چار پانچ لوگ اپنا فیصلہ مسلط نہیں کرسکتے۔ جمہوریت میں کٹھ پتلیاں اور امپائر کے اشارے پر ناچنے والے نہیں ہو سکتے۔ کروڑوں ووٹ لے کر آنے والے وزیراعظم کی عزت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی استعمال ہورہا ہے اور کوئی کررہا ہے۔این اے 120 کے الیکشن میں سوشل میڈیا کے کے میدان میں مخالفوں کو دھول چٹائی۔ مخالفین ہمارے سوشل میڈیا کارکنوں سے ڈرتے ہیں۔ ان کے گھروں پر چھاپے مارتے ہیں۔ انہیں اٹھا لیا جاتا ہے۔

شیئر: