اسلام آباد...سپریم کورٹ نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے قانون کے مطابق نئے چیئرمین کی تعیناتی کا حکم دیدیا ۔ بدھ کو کٹاس راج مندر سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ صدیق الفاروق کا بطور چیئرمین متروکہ وقف املاک ریکارڈ پیش کردیا ۔ انکی بطور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ تعیناتی کی مدت ختم ہوچکی ہے۔نئے چیئرمین کی سمری جلد بھیج دی جائے گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سمری موو کریں لیکن پہلے صدیق الفاروق کوفارغ کریں اس پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے وکیل نے کہا کہ قوانین کے مطابق نئے چیئرمین کی تعیناتی تک صدیق الفاروق کام جاری رکھ سکتے ہیں اور ا نہیںتوسیع بھی دی جاسکتی ہے۔ صدیق الفاروق گریجویٹ ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے یہ سیاسی اقربا پروری کاکیس ہے۔جہانگیرترین کیس کے فیصلے قرار دیا کہ سیاسی اقرباءپروری نہیں ہوسکتی۔ عدالت نے صدیق الفاروق کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ متروکہ وقف املاک کے تمام معاملات جوڈیشل نوعیت کے ہیں۔ ماضی میں غلطیاں ہوتی رہیں اب نہیں ہوں گی۔ نئے چیئرمین کی تعیناتی قانون کے مطابق کی جائے۔