Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوس کپ ٹائی میں کوریا کو ہرا کر اگلے راونڈ کیلئے پرجوش ہوں، اعصام الحق

اسلام آباد: پاکستا نی ٹینس ا سٹار اعصام الحق نے کہا کہ ایشیا اوشنیا گروپ ون ڈیوس کپ ٹائی میں ہماری ٹیم کوریا کے خلاف کامیابی حاصل کرے گی، رواں سال عالمی رینکنگ میں ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں شامل ہونے کیلئے پر امید ہوں۔ پاکستان اور کوریا کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی 2 سے 3 فروری تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلی جائے گی اور کورین ٹیم ٹائی کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ چکی ہے۔ دونوں ٹیمیں اسلام آباد میں بھرپور پریکٹس کررہی ہیں، کوریا کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ان کی ٹیم میں سیزن کھلاڑی بھی شامل ہیں ان کے ساتھ کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے تاہم میزبان ہونے اور گراس کورٹ کافائدہ اٹھاتے ہوئے قومی ٹیم کوریا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلین اوپن مینز ڈبلز کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے بعد عالمی رینکنگ میں 32 سے 30ویں پوزیشن پر واپس آگیا ہوں اور اب رواں سال مختلف بین الاقوامی ڈبل مقابلوں میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹاپ10 میں جگہ بنانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ وہ اور عقیل خان کافی عرصہ سے ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان کےلئے کھیل رہے ہیں، کوریا کے خلاف ٹائی میں وہ اور عقیل خان ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شیئر: