Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہائی ویز پر حد رفتار میں اضافے کا قانون کل سے نافذ ہوگا ، کرنل الشویرخ

ریاض.... ہائی وے پولیس کے افسر تعلقات عامہ کرنل سامی الشویرخ کا کہنا ہے کہ مملکت میں شاہراہوں پر حد رفتار میں اضافے کا قانون کل ( بروز پیر ) سے نافذکیا جا رہا ہے ۔جن شاہراہوں پر چھوٹی گاڑیوں کےلئے رفتار کی انتہائی حد 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی اسے بڑھا کر 140 کر دی جائیگی ۔ سبق نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے ہائی وے پولیس کے ترجمان کرنل الشویرخ نے مزید کہا کہ شاہراہوں پر حد رفتار کے نئے بورڈز کی تنصیب کے کام کا آغاز کیا جارہا ہے جو کل تک مکمل ہو جائےگا ۔ ہائی ویز پر نصب کر نے کےلئے انتباہی بورڈز تیار کر لئے گئے ہیں ۔ نئے ٹریفک قانون کی منظور ی کے بعد وہ شاہراہیں جہاں چھوٹی گاڑیوں کی رفتار کی انتہائی حد 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوتی تھی کو 140 کلومیٹر کردیاجائے گا جبکہ ان شاہراہوں پر سفر کرنے والی بسوں اور ہیوی ٹریفک جن میں ٹرک اور بڑی پک اپ شامل ہیں کی اسپیڈ کی انتہائی حد 80 کلو میٹرفی گھنٹہ ہو تی میں 20 کلو میٹر اضافے کے بعد اسے 100 کلو میٹرفی گھنٹہ کر دیا جائے گا ۔ کرنل الشویرخ نے مزید بتایا کہ ریاض ، طائف شاہراہ پر سفر کرنے والوں کے لئے نئی رفتار کی حد کا آغاز ایگزٹ نمبر 5 سے ہو گا جو وادی عشیرہ تک ہو گی ۔ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ شمال کی جانب سے شاہراہ استعمال کرنے والوں کےلئے بریمان پل سے لیکر العشیرہ کے ایگزٹ نمبر 8تک اور جدہ مدینہ منورہ شاہراہ پر حد رفتار کا آغاز ذھبان پل سے ہو گا جو العشیرہ وادی تک کےلئے مقرر کی گئی ہے ۔ کرنل الشویرخ کا کہنا تھا کہ محکمہ امن عامہ کی جانب سے مفصل چارٹ بھی جاری کیا جائے گا جبکہ شاہراہوں پر جہاں سے نئی حد رفتار کا قانون نافذ کیا جارہا ہے وہاں انتباہی بورڈز بھی نصب کئے جارہے ہیں تاکہ ان شاہراہوں پر سفر کر نے والے اس امر کا خاص خیال رکھیں کہ رفتار میں اضافے کی حد کہا ں سے کہاں تک ہو گی ۔ واضح رہے مملکت میں نئے ٹریفک قوانین مرتب ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ شاہراہوں پر ٹریفک رفتار کی انتہائی حد میں اضافہ کیا جائے کیونکہ 120 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار مناسب نہیں جبکہ مملکت میں شاہراہیں تیز رفتاری کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کی گئی ہیں ۔ شہریوں کے مطالبے کے بعد رفتارمیں اضافے کا قانون مرتب کیا گیا جسے حکومت نے منظور کیاجس پر اب عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔ 
 

شیئر: