Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں پاکبانوں کیلئے جامع منصوبہ تیار ہوگا، راشدی

اجتماعی طور پر صنعتوں کے قیام یا تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں اپنی تجاویز اور دیگر تفصیلات سے قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے رابطہ کرکے اپنے کوائف جمع کروائیں، وفاقی وزیر برائے سمندر پار سید صدر الدین راشدی کا خطاب
جدہ (ارسلان ہاشمی ) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی ترقی وسائل پیر سید صدر الدین راشدی نے کہا ہے کہ مملکت کے موجودہ تبدیل ہوتے ہوئے معاشی حالات کے پیش نظر ہم وطنوں کی سہولت کےلئے انکی وزارت جامع منصو بے مرتب کر رہی ۔ ایسے ہم وطنوں کو جو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں کےلئے حکومت سے مراعات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ او پی ایف بورڈ کے اعلی مشاورتی کمیٹی کے ممبر اور معروف سماجی و ادبی شخصیت ڈاکٹر منصور میمن کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کررہے تھے جس میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین ، کشمیر کمیٹی کے مسعود احمد پوری اور کمیونٹی کے دیگر اہم افراد نے شرکت کی ۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں ۔ سمندر پار مقیم ہم وطنوں کی سہولت کےلئے جامع منصوبے مرتب کرکے انکی خواہشات کے مطابق قانون سازی کے لئے حکومت پاکستان کو سفارشات پیش کی جائیں گی ۔ وہ افراد جو اجتماعی طور پر صنعتوں کے قیام یا تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں وہ اپنی تجاویز اور دیگر تفصیلات سے قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے رابطہ کرکے اپنے کوائف جمع کروائیں تاکہ ان کے لئے پاکستان میں حکومت سے مراعات حاصل کی جاسکیں ۔ سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے پیر صدر الدین کو کمیونٹی سے متعلق چند تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان کو جانے والے زرمبادلہ میں بڑا حصہ مملکت میں مقیم پاکبانوں کا ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پرخصوصی اسکیموں کا اعلان کرے تاکہ جو لوگ برسوں سے یہاں مقیم ہیں وطن عزیز میں بہتر طریقے سے زندگی شروع کر سکیں ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ قدرت نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے مالا مال کررکھا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران خلوص نیت سے وطن اور اہل وطن کی خدمت کریں ۔ میزبان تقریب ڈاکٹر منصور میمن نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کمیونٹی کی جانب سے تجاویز بھی پیش کیں ۔ قبل ازیں پیر صدر الدین راشدی نے ڈاکٹر منصور میمن کے والد سابق بیوروکریٹ غلام محمد میمن جو ان دنوں علیل ہیں کے گھر جاکر انکی خیریت دریافت کی اور انکی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی ۔ غلام میمن نے مزاج پرسی کےلئے آنے والے مہمانوں کو سندھی روایت کے مطابق اجرک کا تحفہ دیا ۔ 

شیئر: