Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: ٹرالر کی ٹکر سے مدینہ روڈ پر لکڑی کا پل متاثر

 
ٹرالر کا ہائیڈرولک سسٹم فیل ہوگیا تھا،ٹریفک کیلئے متبادل راستہ کھول دیا گیا، ڈرائیور سے تحقیقات جاری
 
جدہ (ارسلان ہاشمی) مدینہ روڈ پر المساعدیہ مارکیٹ کے سامنے لکڑی کے پل سے ٹرالر کے ٹکڑانے سے پل کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ انتظامیہ نے روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہراہوں کی تزئین و آرائش کے سلسلے میں جاری کام کے دوران ایک ٹرالر جس میں مٹی لدی ہوئی تھی جونہی لکڑی کے پل کے نیچے سے گزرنے لگا تو اسکے ہائیڈرولک سسٹم میں خرابی ہوگئی جس کی وجہ سے پیڈ ٹرالر سے جدا ہوگیا۔ ہائیڈولک سسٹم فیل ہونے کے سبب جونہی پیڈ ٹرالر سے جدا ہوا اس میں لدی ہوئی مٹی کے وزن کی وجہ سے ٹرالر کا ایک سرا اوپر پل سے ٹکرا گیا جس سے پل پر نصب اشتہاری بورڈ کیلئے بنائے گئے آہنی ہینگرز کو ٹرالر سے نقصان پہنچا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کی بلدیہ کے ذمہ داروں کو طلب کرلیا جبکہ ٹرالر ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ تصادم 10بجے کے قریب ہوا تھا ۔ بلدیہ کا متعلقہ شعبہ کے اہلکاروں کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی جبکہ پولیس نے شاہراہ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل راستے کھول دیئے۔ بلدیہ کی ہیوی کرینوں کے ذریعے ٹرالر کو وہاں سے ہٹایا گیا جبکہ پل پر نصب اشتہاری بورڈز کی بجلی کاٹ کر پل کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا۔ خبر کی تحریر تک روڈ ٹریفک کیلئے بحال نہیں ہوسکا تھا۔

شیئر: