Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کا جدید واٹر فرنٹ، تفریح اور خوبصورتی کا مرکز

ساحلی روڈ بحیرہ الاحمر کے کنارے 2.1 کلومیٹر طویل ہے (فوٹو، ایس پی اے)
جازان ریجن میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ساحلی تفریحی و سیاحتی مقامات عوام میں غیر معمولی طورپر مقبول ہورہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ریجن کے مختلف ساحلی مقامات پر متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے جن کی وجہ سے وہاں تفریح کےلیے آنے والوں کو کافی سہولت ہوئی ۔
میونسپلٹی کی جانب سے تعمیر کیا گیا ساحلی روڈ نمایاں شہری اور سیاحتی منصوبوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس نے شہر کی خوبصورتی کو نئی جہت عطا کی۔ یہ جدید طرز کا ایک منفرد مقام بن چکا ہے جو سال بھر مقامی افراد اور سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔
ساحلی روڈ بحیرہ الاحمر کے کنارے 2.1 کلومیٹر طویل ہے، جہاں آنے والوں کے لیے سہولیات اور سروسز کا مربوط نظام بھی فراہم کیا گیا ہے۔ جن میں پارکنگ لاٹس، واکنگ ٹریکس ، خصوصی افراد کےلیے مخصوص پارکنگ کی سہولت بھی شامل ہے۔
روڈ کے اطراف میں ساحل کے کنار متعدد کیفے اور ریستوران بھی موجود ہیں جو وزٹرز کو مختلف اقسام کے کھانے اور تفریحی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ یہ مراکز ساحلی مقام کی کشش میں بھی اضافے کا باعث ہیں ۔

عوامی سہولت کے لیے وسیع و عریض پارکنگ ایریا مخصوص کیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)

 کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کے لیے بھی موزوں جگہ فراہم کی گئی ہے ، جہاں لوگ سمندر کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہوتے اور سورج غروب ہونے کے حسین مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
جازان میونسپلٹی کی جانب سے شہر اور ریجن کے دیگر مراکز اور کمشنریوں میں جاری ترقیاتی منصوبے علاقے میں جاری وسیع ترقیاتی سرگرمیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان منصوبوں میں ساحلی پٹیوں، عوامی سہولیات، واکنگ ٹریکس، پارکس اور کھلے مقامات کی ترقی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری اور سیاحتی منصوبوں کا نفاذ بھی شامل ہے، جو معیار زندگی کو بہتربنانے ، شہری اور سیاحتی مقامات کو سجانے اور ریجن کو مقامی آبادی اور سیاحوں کےلیے مزید پرکشش بنانے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ یہ اقدامات سعودی ویژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

شیئر: