Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رائیونڈ خودکش دھماکہ،جاں بحق ہونے والے9ہوگئے

 
لاہور ... رائے ونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب خود کش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔ 2 سب انسپکٹر اور 3 کانسٹیبل شامل ہیں۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریب کھڑی متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بزدلانہ کارروائی میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ رائیونڈ اجتماع گاہ کی طرف جانے والے راستے پر قائم نثار چیک پوسٹ پر اے ایس پی ، ایس ایچ اوز سمیت اہلکارموجود تھے کہ اچانک زور دار دھماکہ ہو گیا ۔ حملہ آور نے اجتماع میں جانے کی کوشش کی چیک پوسٹ پر اہلکاروں نے روکا تو دہشتگرد نے خود کو اڑا لیا۔ حملہ آور کے اعضا اور دیگر شواہد اکٹھے کر کے فارنسک ٹیسٹ کے لئے بھجوائے جا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ اگر خدانخواستہ حملہ آور اجتماع میں داخل ہو جاتا تو نقصان بہت زیادہ ہونا تھا۔ حملہ آور کھیتوں یا کسی قریبی گھر میں چھپا ہوا تھا۔ ۔ قانون نافذ کرنے والے اداروںنے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا ۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے جائے وقوعہ کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا ۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے رائیونڈ روڈ خود کش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ شہید ہونے والے ہمارے ہیرو ہیں، شہدا کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔وزیرِ اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ۔ 

شیئر: