Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجلس شوری میں خواتین کی تعداد امریکی کانگریس میں رکن خواتین سے زیادہ ہے ، شہزادہ خالد بن سلمان

 ریاض.... امریکہ میں متعین سعودی سفیرشہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ مملکت میں عظیم تبدیلی کا دور شروع ہو چکا ہے ۔ایران محض سعودی عرب کو ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے امن کو تہہ وبالا کر کے شدید نقصان پہنچانا چاہتا ہے ۔ مجلس شوری میں خواتین ارکان کی جتنی تعداد ہے اتنی امریکی کانگریس میں بھی نہیں ہے ۔یہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ سعودی عرب میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو چکی ہیں ۔ امریکی ٹی وی چینل سی این این کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شہزادہ خالد بن سلمان نے مزید کہا کہ ہمارے سامنے مستقبل کا وژن 2030 ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اس ہدف کو حاصل کرنے کےلئے مقررہ حکمت عملی پر کام کرنا ہے ۔ ایک سوال پر شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ہم اپنی معیشت کو از سرنو مرتب کرنا چاہتے ہیں اور اپنے معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے خواہاں ہیں ہماری کوشش ہے کہ اپنے نوجوانوں کو جن میں خواتین بھی شامل ہیں اہم ذمہ داریوں پر فائز کرتے ہوئے انہیں معاشرے کا فعال رکن بنائیں تاکہ معاشرہ وسیع پیمانے پر ان سے مستفیض ہوسکے ۔ مملکت میں خواتین کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ مملکت میں جو تبدیلی آئی ہے وہ سب پر واضح ہے ہمارے یہاں خواتین رکن شوری کی تعداد امریکی کانگریس سے بھی زیادہ ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں خواتین منتخب ہوتی ہیں اور اہم ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں ۔ سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی بھی اجازت دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا سعودی عرب کی شیئرمارکیٹ کا شمار مشرق وسطی اور افریقہ کی سب سے بڑی مارکیٹ میں ہوتا ہے جس میں خواتین اہم ذمہ داریاں ادا کررہی ہیں ۔ جس طرح ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ " ہم نے بڑی بڑی تبدیلیاں کی ہیں تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور ہمارے سامنے ابھی ایک لمبا راستہ ہے " ۔ خطے میں ایرانی کردار کے حوالے سے شہزادہ خالد کا کہناتھا کہ ایران کی کوشش ہے کہ یمن میں ایک اور " حزب اللہ " قائم کردے ۔ ایران کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کو ہی نہیں بلکہ دنیا کو بھی خطرہ ہے ۔ یمن میں ایران کی جانب سے حوثی باغیوں کی سرپرستی کسی سے پوشیدہ نہیں جو دہشتگردی کے سب سے بڑے سرپرست ہیں ۔ دریں اثناءامریکی جریدے میں شائع ہونےوالے مضمون میں شہزادہ خالد بن سلمان نے لکھا ہے کہ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کو میں © "تبدیلی کا انجینیئر " قرار دیتا ہوں انہوں نے مملکت کو جس تبدیلی سے روشناس کرایا آج ہمارا معاشر ہ اس کے روشن پہلوسے منور ہو رہا ہے ۔ خواتین کو مزید حقوق دیئے جار ہے ہیں ، حجاج اور معتمرین کی خدمت کو مزید بہتر کررہے ہیں ، سعودی عرب کو سیاحت کےلئے کھول دیا گیا ہے۔ہم اپنے تعلیمی اور صحت کے سسٹم کو مزید بہتربنارہے ہیں ۔

شیئر: