افغان جنگ سے پاکستان زیادہ متاثر ہوا، سیکریٹری خارجہ
اسلام آباد... سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ افغان جنگ سے پاکستان متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں امن ، افغانستان کے امن وامان سے براہ راست وا بستہ ہے۔اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ افغان تنازع سے پاکستان سے زیادہ کوئی ملک متاثرنہیں ہوا۔پرامن اورمستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ افغانستان میں مزید جنگ وجدل کا متحمل نہیں ہوسکتے۔ امن کیلئے افغان صدر اشرف غنی کے حالیہ اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اورتعاون بھی کریں گے۔ افغانستان جنگی معاشیات کا حصہ بن چکا ہے جس نے اسلحہ، منشیات اور دہشتگردی دی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکے باعث جنوبی ایشیا میں ترقی رک گئی۔مسئلہ کشمیرکے جلد، منصفانہ، عوامی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل سے ترقی یقینی ہوگی۔سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ چین کا ابھرنا اورسی پیک منصوبہ علاقائی ترقی کا منصوبہ ہے۔ دنیا یک قطبی سے کثیر قطبی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ سی پیک مشرق وسطی سے وسط ایشیا تک پاکستان کو پل بنائے گا۔ عالمی طاقت کا توازن تبدیل ہورہا ہے۔خطے کے مابین تعاون کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم سے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے تک پاکستان سنجیدہ کاوشیں کررہا ہے۔ تاپی گیس پائپ لائن اورکاسا ایک ہزارمنصوبے بھی ترقی کے سفرکوتیزکرینگے۔ پاکستان نے سب سے پہلے وسط ایشیائی ریاستوں کوتسلیم کیا۔ سرد جنگ کے بعد سے وسط ایشیاءاورجنوبی ایشیا کے مابین کلیدی مواقع ہیں اور روس کے ساتھ تعلقات تیزی سے مستحکم ہو رہے ہیں۔