Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف: ٹریفک حادثات میں 6 افرا دجاں بحق

طائف.... گزشتہ 12 گھنٹے میں المناک ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے ۔ پہلا حادثہ طائف کمشنری کے شمال میں ظلم شاہراہ پر ہوا جس میں 2 گاڑیاں آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں ۔ دوسرا حادثہ میدان الفروسیہ پل پر ہو ا جس میں ایک تیز رفتار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سامنے والی گاڑی سے ٹکرائی جو پل کی دیوار توڑ کر آدھی نیچے لٹک گئی ۔ ہلال الاحمر کے ریجنل ترجمان شادی الثبیتی نے سبق نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ادارے کے کنٹرول روم میں اطلاع ملی تھی کہ ظلم شاہراہ پر2 گاڑیاں آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں جس میں کئی افراد سوار تھے ۔ اطلا ع ملتے ہی ہلال الاحمر کے 5 یونٹس جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہو ںنے گاڑیوں میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کی کارروائی کا آغاز کیا ۔ حادثہ اس قدر ہولناک تھا کہ گاڑیوں میں لوگ بری طرح پھنس گئے تھے جنہیں نکالنے کےلئے شہری دفاع کے ہنگامی یونٹس کو طلب کیا گیا تاکہ گاڑیوں کو کاٹ کر اس میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالا جاسکے ۔ الثبیتی نے مزید کہا کہ دونوں گاڑیوں میں 7 افراد سوار تھے جن میں سے 4 جائے حادثہ پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 کی حالت انتہائی نازک ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد دے کر ظلم کے جنرل اسپتال میں داخل کروادیا گیا ۔ الثبیتی نے مزید بتایا کہ دوسرا حادثہ صبح کے 11 بجے پیش آیا جس میں ائیر پورٹ کی سمت سے آنے والی ایک گاڑی الفروسیہ پل پر سامنے سے جانے والی گاڑی سے ٹکرا کر پل کی سائڈ پر بنی کنکریٹ وال کو توڑ تی ہوئی پل پر آدھی لٹک گئی ۔ گاڑی میں تمام افراد پھنسے ہوئے تھے جنہیں نکالنے کےلئے شہری دفاع کے امدادی یونٹس کو طلب کیا گیا جن کی مدد کےلئے اسنارکل طلب کی گئی تاکہ احتیاط سے گاڑی میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جاسکے ۔ ہلال الاحمر کے ترجمان نے مزید بتایا کہ دوسرے حادثے میں ایک عورت اور مرد جاں بحق جبکہ ایک خاتون بری طرح زخمی ہوئی جسے ابتدائی طبی امداد دیکر شہزادہ سلطان نیشنل گارڈ اسپتال میں پہنچا دیا گیا ۔

شیئر: