Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے مختلف شہروں میں آج سے بارشوں کاسلسلہ متوقع

 ریاض.... محکمہ موسمیات کے مطابق مملکت کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے ۔ سبق نیوز نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے خبر دی ہے کہ آج بروز اتوار سے مملکت کے مختلف علاقے جن میں نجران کے پہاڑی سلسلے ، جازان ، عسیر ، الباحہ ، مکہ مکرمہ ریجن اور مدینہ منورہ ، حائل ، قصیم اور ریاض کے بعض علاقوں کے علاوہ شمالی و مشرقی ریجن میں بارشوں کی توقع ہے جو آج بروز اتوار سے شروع ہو کر جمعرات تک ہو سکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ابھا اور خمیس مشیط کے علاقوں میں ژالہ باری کی بھی امید ہے ۔ اس حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے ان علاقو ںمیں رہنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور شاہراہوں پر سفر کرتے وقت ان امور کا خاص خیال رکھیں ۔ شہری دفاع کی جانب سے پہاڑی مقامات پر تفریح کےلئے جانے والوں کو خصوصی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وادیوں اور نشیبی علاقو ںمیں قیام سے اجتناب برتیں اور ایسے مقامات پر نہ جائیں جہاں پانی زیادہ تعداد میں جمع ہوتا ہے ۔ واضح رہے مملکت کے مختلف علاقوں میں ان دنوں موسم غیر معمولی طور پر تبدیل ہو رہا ہے ۔ گزشتہ چند دنوں سے مکہ مکرمہ ریجن میں گردوغبار کا طوفان آیا تھا جس کی وجہ سے نظام زندگی جزوی طور پر متاثر ہوا ۔ مدینہ منورہ میں ہفتے کے روز معمولی بارش ہوئی جس کی پیشگی اطلاع محکمہ موسمیات نے دی تھی ۔

شیئر: