Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم ریجن میں سعودائزیشن کی شرح 100 فیصد تک ہو گئی ، شہزادہ فیصل بن مشعل

قصیم ..... گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے کہا ہے کہ مملکت کی سطح پر قصیم ریجن میں سعودائزیشن کا گراف سب سے بلند ہے ۔ اس مثالی کامیابی پر خود کو اور تمام شرکاءکو مبارک باد دیتا ہوں ۔گزشتہ ایک برس کے دوران 6 ہزار سے زائد سعودی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ۔ گورنر قصیم نے مزید کہا کہ مختلف شعبو ں میں سعوائزیشن کی مہم کے آغاز کے موقع پر یہ کہا جارہا تھا کہ سعودائزیشن کا عمل بہت مشکل ہو گا مگر اب یہ بہت آسان ثابت ہوا ۔ یہ مثالی کامیابی ہم سب کی ہے جس پر ہمیں فخر کرنا چاہئے ۔ سعودائزیشن کو کامیاب بنانے میں سب کی مشترکہ کاوشیں ہیں آئندہ بھی دیگر شعبوں میں اسی طرح تعاون جاری رہے گا ۔ شہزادہ فیصل بن مشعل نے مزید کہا وزارت محنت کی جانب سے مقرر کئے جانے والے شعبے جن میں موبائل ٹیلی فون ، زنانہ ملبوسات ، رینٹ اے کار سروس شامل تھے میں سعودائزیشن کے اعلان کے وقت یہ کہا جارہا تھا کہ ہمیں ان شعبوں میں سعودی کارکنوں کو بھرتی کرنے کےلئے بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا او ر یہ عمل بے حد دشوار ہو گا مگر اب جب ہم نے مقررہ ہدف حاصل کر لیا ہے تو یہ کہنا بجا ہے کہ ہم ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ساتھ ہی ان سعودی کارکنوں کو بھی مبارک باد پیش کروں گا جنہو ںنے اپنی محنت اور لگن سے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے مذکورہ شعبوں میں کامیابی سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اس وقت قصیم ریجن میں سونے کی مارکیٹ ، موبائل سیکٹر اور رینٹ اے کار سروس کے شعبوں میں 100 فیصد سعودائزیشن کی جاچکی ہے ۔ علاوہ ازیں سبزی منڈی اور پراپرٹی ڈیلرز اور فوڈ ٹرک ( فاسٹ فوڈ کی موبائل شاپس ) میں بھی تمام کارکن سعودی ہیں ۔ آئندہ برس دوسرے مرحلے کے آغاز سے جن شعبوں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں بھی کامیابی سے سعودائزیشن کی جائیگی جن میں لیڈیز ٹیلرنگ ، ٹریول اینڈ ٹورازم اور دیگر شورومز شامل ہیں ۔ واضح رہے مملکت کی مارکیٹوں میں سعودائزیشن کے عمل کو مختلف مراحل میں شروع کیا گیا ہے جس میں سب سے پہلے موبائل سیکٹرمیں سعود ی کارکنوں کو متعین کرنے کےلئے ایک برس کا وقت دیا گیا جو 2 مرحلوں پر مشتمل تھا ۔ پہلہ مرحلہ جو 6 ماہ پر مشتمل تھا میں 50 فیصد سعودی کارکنوں کو متعین کرنا تھا جبکہ دوسرے مرحلے کے لئے بھی 6 ماہ کا ٹائم دیا گیا تھا جس کے بعد تمام موبائل فون کی دکانوں پر سعودیوں کو تعینات کرنا لازمی کیا گیا ۔ گزشتہ ماہ سے رینٹ اے کار سروس میں 4 پیشے سعودیوں کےلئے مخصوص کئے گئے جن پر تیزی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔ 

شیئر: