Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ :موبائل اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی ریکارڈ کرنےکا خودکار سسٹم نصب نہیں کیا

 مدینہ منورہ .... ریجنل ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں شاہراہوں پرموبائل فون استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی کرنےوالوں کاچالان خودکار طریقے سے نہیں کیا جارہا ۔ ڈیجیٹل کیمرے نصب نہیں کئے گئے ہیں ۔ سبق نیوز کے مطابق محکمہ ٹریفک پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے وڈیو جس میں کہا جارہا تھا کہ مدینہ منورہ ریجن میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر خود کار سسٹم نصب کردیا گیا ہے جس کے ذریعے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کا چالان کیا جارہا ہے ۔ ریجنل محکمہ ٹریفک کے ذرائع نے ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں پر کئے جانے والے چالان خودکار سسٹم کے تحت نہیں بلکہ پولیس اہلکاروں کے ذریعے کئے جاتے ہیں ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سسٹم کی تنصیب مکمل نہیں کی گئی جب چالان کے خود کارسسٹم کو نصب کیا جائے گا تو اس کے بارے میں اخبارات کے ذریعہ شہریوں اور مقیمین کو مطلع کیاجائے گا ۔ ذرائع کہنا تھا کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہوتا ہے جس سے ماضی میں سنگین حادثات بھی رونما ہو ئے ہیں جبکہ سیٹ بیلٹ کے استعمال سے ڈرائیور اور گاڑی میں سوار افراد کی حفاظت ہوتی ہے ۔ کسی بھی حادثے کی صورت میں بڑی سیٹ بیلٹ باندھنے والے کی بڑی حد تک حفاظت ہو تی ہے اس لئے ان امور سے اجتناب برت کر ہی محفوظ ڈرائیونگ کرنی چاہئے ۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال نہ صرف خود کو بلکہ دوسروں کو بھی ہلاکت میں ڈالنے کے برابر ہے ۔محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے وضع کئے گئے قوانین لوگوں کی سیفٹی کےلئے ہوتے ہیں جن پر عمل کرنا ہر ایک کےلئے لازمی ہے ۔ قوانین پر عمل کرتے ہوئے حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔ واضح رہے مملکت کے مختلف شہروں میں خود کارکیمرہ نیٹ ورک کا نظام نصب کیا جارہا ہے جس کے ذریعے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر حساس اور جدید ترین کیمرے فوری طور پر گاڑی اور ڈرائیور کی تصویر کھینچ کر اسے ٹریفک پولیس کے مرکزی کنٹرول روم میں ارسال کر دیتے ہیں جہاں سے گاڑی کے مالک کے خلاف خودکارسسٹم کے تحت خلاف ورزی کا چالان ارسال کردیا جاتا ہے ۔ یہ نظام جدہ کے علاوہ ریاض کی بعض اہم اور معروف شاہراہوں پر نصب کیا جاچکا ہے ۔ نظام کی تنصیب کے بعد اسے تجرباتی طور پر چلایا گیا تھا مقررہ تجرباتی مدت مکمل ہونے کے بعد اسے نافذ کر دیا گیا جسکی وجہ سے ان شاہراہوں پر جہاں یہ سسٹم نصب ہے لوگ خصوصی احتیاط کرتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات میں بھی کافی کمی واقع ہوئی ۔

شیئر: