Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی شدہ افراد کو دیکھ کر شادی کاخیال دل سے نکال دیا، معمر مصری

قاہرہ ..... مصر کے دارالحکومت میں سڑکوں کی صفائی کرنے والے 50 سالہ سعید کاکہنا ہے کہ کتابوں سے اسکی دوستی بہت پرانی ہے ۔ زمانے کے سرد وگرم سے بچنے کے لئے کتابوں کا سہارا لیا ۔ اب تک 4 ہزار سے زائد کتب کا مطالعہ کر چکا ہوں ۔ شادی شدہ لوگوں کی مشکلات کو دیکھ کر ہمیشہ ازدواجی زندگی سے کنارہ کشی کی ۔ مصری ٹی وی پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے معمر سعید کا کہنا تھا کہ وہ ایک معمولی صفائی کا کارکن ہے ۔ ایک ہزار مصری پونڈ ماہانہ تنخواہ ملتی ہے اس میں سے زیادہ تررقم کتابوں کی خریداری پر خرچ کر دیتا ہوں ۔ یہ درست ہے کہ کتابیں تنہائی کا بہترین ساتھی ہوتی ہیں ۔ میں نے اس مقولے کو عملی طور پر سچ ثابت کیا جب بھی مجھے تنہاہونے کا احساس ہوتا ہے کتابیں میری تنہائی کو دور کردیتی ہیں ۔ سعید کا مزید کہنا تھا کہ اس نے اپنی زندگی میں بہت اتار چڑھاﺅ دیکھے ہیں ۔ 4 زبانوں پر عبور حاصل کیا اور ہزاروں کتب کا مطالعہ کر چکا ہوں ۔ جو کتابیں پڑھ لیتا ہوں انہیں فروخت کر کے دوسری خرید لیتا ہوں ۔ شادی کے سوال پر سعید کا کہنا تھا کہ میرا رابطہ مختلف طبقے کے شادی شدہ افراد کے ساتھ رہتا تھا ۔ انکی روزانہ کی زندگی میرے سامنے تھی ۔ شادی شدہ افرا د ہمیشہ اپنی زندگی سے شاکی رہتے اور مسائل کا ذکر کرتے رہتے تھے اس لئے میں نے یہ فیصلہ کیا کہ زندگی میں کبھی شادی نہیں کروں گا ۔ اپنی اس زندگی سے میں بے حد مطمئن ہوں کبھی تنہائی کا احساس نہیں ہوا ۔ آج کل کے معاشرے میں لوگ اس قدر مصروف ہو چکے ہیں کہ انہوں نے کتابوں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے بلکہ لوگوں میں کتب بینی کا ذوق ہی ختم ہو چکا ہے ۔ سعید کا کہنا تھا کہ اس نے پرائمری تک تعلیم حاصل کی اگرچہ پڑھنے کا بہت شوق تھا مگر گھریلو حالات نے اسے مزید تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی ۔میں نے ہمیشہ صبر سے کام لیا اور ہر معاملے میں صابر وشاکر رہا جس کی وجہ سے قدرت نے مجھے سکون قلب کی دولت سے مالا مال رکھا ۔ سعید ان دنوں اپنی سوانح عمری لکھنے کی تیاری کررہا ہے اس کا کہنا تھا کہ میں مختصر کہانیاں لکھنے کے بارے میں بھی سوچ رہا ہوں۔ 
 

شیئر: