Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر بلیو پر جرمانہ،شاہد خاقان کو طلب نہیں کیا ،سپریم کورٹ

کراچی...سپریم کورٹ نے پائلٹس کی ڈگریوں کی جانچ میں تاخیر پر نجی فضائی کمپنی ائیر بلیو پر 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹر ی میں چیف جسٹس کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ائیر بلیو کا چیف ایگزیکٹو کون ہے؟ ائیر بلیو کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹر جنید خان عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے جنید خان سے پوچھا کہ آپ کے پاس کتنے پائلٹس ہیں؟ ایم ڈی نے بتایا کہ ہمارے پاس 101 پائلٹس اور دیگر عملے کے تعداد 251 ہے۔چیف جسٹس نے ائیر بلیو کے پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے کہ اب تک پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق کیوں نہیں ہوئی؟عدالت نے ائیر بلیو کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی غیر ذمہ داری ہوئی تو ایم ڈی جنید خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریںگے۔اس موقع پر ایم ڈی ائیربلیو جنید خان نے عدالت میں کہا کہ وزیراعظم کو طلب کرنے سے متعلق بریکنگ نیوز چل رہی تھیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سیاسی آدمی ہیں ۔سیاسی لوگوں کی بریکنگ چلتی رہتی ہیں ۔ہم نے شاہد خاقان کو طلب نہیں کیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پی آئی اے ملازمین کو تنخواہوں کو عدم ادائیگی کے کیس کی سماعت ہوئی ۔ قومی ائیر لائن کے سی ای او مشرف رسول عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے پی آئی اے کے سی ای او سے استفسار کیا کہ معلوم ہوا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کو تنخواہ نہیں ملی؟جسٹس ثاقب نثار نے سی ای او سے مکالمہ کیا کہ شرم کریں۔کیا آپ کو تنخواہ مل گئی؟ آپ کی تنخواہ 20 لاکھ سے زیادہ ہوگی۔ غریبوں کو کیوں تنخواہ نہیں دیتے۔جسٹس ثاقب نثار نے پی آئی اے کے سی ای او سے استفار کیا کہ پی آئی اے کے پاس کتنے پائلٹس ہیں؟ سی ای او نے بتایا کہ ہمارے پاس 32 ائیر کرافٹ اور 498 پائلٹس ہیں۔ 369 پائلٹس کی ڈگریوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔ 39 پائلٹس نے ڈگریوں سے متعلق حکم امتناع لے رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی و حیدرآباد میں لوڈ شیڈنگ پر چیف جسٹس برہم
 

شیئر: