Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان المبارک میں اسٹاک مارکیٹ کی سرگرمیوں میں کمی

 کاروباری مالیت بھی گھٹ گئی،اندرونی طور پر اسٹاک مارکیٹ مستحکم، پرائس انڈیکس بڑھ گیا، سرمایہ کاروں کو 11ارب ریال کافائدہ
غیاث الدین ۔ جدہ
گزشتہ ہفتے رمضان المبارک میں اسٹاک مارکیٹ کی سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 15فیصد اور 30فیصد کی کمی نوٹ کی گئی جبکہ کاروباری مالیت میں 26فیصد کمی کے بعد14ارب ریال پر آگئی۔ اندرونی طور پر اسٹاک مارکیٹ مستحکم رہی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 20.96پوائنٹس کے اضافے کے بعد 8037.81 پوائنٹس پر بند ہوا۔ حصص کی قیمتو ںمیں اضافے سے سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 11ارب ریال کا فائدہ ہوا۔ انفرادی کمپنیوں میںتکوین کو فوقیت حاصل رہی جس کی قیمت 16.68فیصد اضافے کے بعد 11.47ریال تک بڑھ گئی جبکہ سعودی انڈسٹریل سروسز کی قیمت 10.52فیصد اضافے کے بعد 15.02ریال پر بند ہوئی۔ بیسک کیمیکلز انڈسٹریز منافع کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر رہی جس کی قدر 10.48فیصد فروغ کے بعد25.29ریال پر اختتام پذیر ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے السریع گروپ ٹاپ پر رہا جس کی قیمت 7.46فیصد کمی کے بعد 20.35ریال پر بند ہوئی۔ نقصان کے لحاظ سے جبل عمر دوسرے نمبر پر رہی جسکی قیمت 7.31فیصد انحطاط کے بعد 39.30ریال تک گر گئی۔ انرجی سیکٹر میں سب سے زیادہ فائدہ پیٹرو رابغ کو ہوا جسکی قیمت 3.61فیصد اضافے کے بعد 25.54ریال پر بند ہوئی۔ سرمایہ کاری کے لحاظ سے سابک ٹاپ پررہی۔ جس میں 2.2ارب ریال کی خرید و فروخت کی گئی جو کل سرمایہ کاری کا 15.1فیصد حصہ بنتا ہے۔ سابک کی قیمت 3.01فیصد اضافے کے بعد120.95ریال تک پہنچ گئی۔ دارالاکان نے 1.687ارب ریال اسلامی سکوک کی ادائیگی کرکے اپنے قرضوں کا بوجھ ہلکا کیا۔ بہرحال اس کی قیمت 0.26کمی کے بعد11.31ریال پر بند ہوئی۔ سرمایہ کاروں کو چاہئے کہ وہ مالیاتی طور پر مضبوط کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں جو مسلسل ڈیویڈنڈ بھی ادا کرتی ہوں۔
 
 

شیئر: