Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نگراں وزیر اعظم کون؟ فیصلہ آج متوقع

اسلام آباد... وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ قائد حزب اختلاف سے مشاورت کے بعد پیر کوکر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے حکومت کو نگرا ں وزیر اعظم کے لئے اتفاق رائے کا عندیہ دیا ہے۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ایک اور ملاقات ہوسکتی ہے۔ اتفاق رائے کی صورت میں شاہد خاقان اپوزیشن لیڈر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نگراں وزیر اعظم کے نام کا اعلان کریں گے ۔ذرائع نے کہا کہ اس وقت سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نگراں وزیر اعظم کے لئے مضبوط امیدوار ہیں ۔جسٹس تصدق کا نام تحریک انصاف اور ن لیگ دونوں جانب سے پیش کیا گیا ہے۔ جسٹس تصدق کی سابق وزیر اعظم گیلانی سے بھی رشتہ داری ہے اس لئے آصف زرداری انہیں قبول کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ جسٹس ناصرالملک کے نام پر بھی اتفاق ہوسکتا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو احساس ہو چلا ہے کہ اگر معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں گیا تو اسے سبکی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ پیپلزپارٹی کو خطرہ ہے کہ کہیں نگراں حکومت پہلے احتساب کے ایجنڈے پر کام نہ شروع کر دے۔ اس سے پیپلزپارٹی کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔نگراں وزیر اعظم کے لئے اسٹیٹ بینک کی سابق گورنر شمشاد اختر،سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین،صنعتکار عبدالرزاق داود،سابق سفارتکار جلیل عباس جیلانی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا ءاشرف کے نام بھی تجویز کئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:چوہدری نثار نے نگراں وزیر اعظم کا نام بتاد یا؟

شیئر: