Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعظم پانی و بجلی کا معاملہ خود دیکھیں‘ چیف جسٹس

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ وہ نگراں وزیراعظم ناصر الملک سے درخواست کریں گے کہ پانی اور بجلی کے معاملے کو وہ خود دیکھیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی زیر سربراہی عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ نے جڑواں شہروں میں پانی کی قلت پر ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے نگراں حکومت کے حوالے سے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت ابھی تک اپنے بندے پورے نہیں کر سکی۔ کیا حکومت صرف 5 وزرا کے ساتھ چل سکتی ہے ؟ پانی و بجلی کے امور پر ہنگامی صورتحال میں کام کرنا ہوگا، وزیراعظم سے درخواست کروں گا پانی اور بجلی کے معاملے کو خود دیکھیں، جب تک مسئلے کا حل نہ نکلے مت اٹھیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ اسلام آباد کی روزانہ کی ضرورت 120ملین گیلن ہے تاہم شہری علاقوں میں 58.71 ملین گیلن روزانہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ سی ڈی اے حکام نے کہا کہ 24 گھنٹے پانی کی فراہمی دیں تو 7 دن میں پانی کے ذخائر ختم ہو جائیں گے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگ پانی کے بغیر تو نہیں رہ سکتے ، شہر کی آدی آبادھی پانی سے محروم ہے ، منصوبے افسر شاہی کا شکار ہو کر بند بھی ہو جاتے ہیں، رپورٹس آ جاتی ہیں مگر پیش رفت کچھ نہیں ہوتی، ہر ادارہ دوسرے پر ذمے داری ڈال دیتا ہے ، مجھے بتا دیں وفاقی حکومت کیا ہے میں اسے بلا لیتا ہوں۔
مزید پڑھیں:- - - - -خواجہ آصف، عمران خان پر بر س پڑے

شیئر: