Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی اٹھے گا تو پورا ملک اٹھے گا،عمران خان

کراچی ... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کراچی کا طوفانی دورہ کیا ۔ رات گئے تک انتخابی اجتماعات سے خطاب کیا عمران خان کئی گھنٹے کراچی کی سڑکوں پر رہے ۔ گلشن اقبال ، ایوب گوٹھ ،اتحاد ٹاون، بنارس ، لیاری اور دیگر علاقوںکا دورہ کیا ۔تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے استقبال کیا۔ عوامی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک کراچی نہیں اٹھے گا۔ پاکستان نہیں اٹھے گا۔ تحریک انصاف کے 700 سے زائد امیدوار ہیں۔ ان میں سے جو بھی دو نمبری کرے گا ۔ ا سے جیل میں ڈلواوں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑے بڑے مگرمچھ جو اس ملک کا خون چوس رہے ہیں۔ 25 جولائی کو انہیں دفن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں جو کچھ ہوا، وہ سب نے دیکھ لیا۔ بارش کے پانی میں عوام کا اربوں روپیہ بہہ گیا۔ اب اس کا حساب کون دے گا۔ نواز شریف اور شہباز شریف سے کوئی پوچھے۔ آج شہباز شریف کے وینس کو آنکھوں سے دیکھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ نظرئیے کو ووٹ دینا ہے ۔ملک کو قرضوں سے نکالنا چاہتا ہوں ۔پانی کا مسئلہ شدت اختیار کرچکا ہے ۔اگر اس مسئلے کو کنٹرول نہیں کیا گیا تو ملک ریگستان بن جائے گا۔ عوام کی بنیادی ضروریات انصاف پر مبنی ہیں ۔ بار بار باریاں لینے والوں کو مسترد کرناہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں وہ سب کچھ حاصل کرسکتا ہے جس کے پاس پیسہ ہے۔ یورپ میں کتوں کو بھی پوچھا جاتا ہے جب کہ ہمارے ہاں انسانوں کو بھی نہیں پوچھا جاتا۔غریب بچوں کے لئے علاج،روزگار،تعلیم کے لئے سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پانی و بجلی کے مسائل کے پیچھے صرف ایک ہی چیز ہے کہ پہلے کبھی کسی نے دور کی نہیں سوچی۔تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس نے اگلے الیکشن کا نہیں آنے والی نسلوں کا سوچا۔تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں ایک ارب18 کروڑ درخت لگائے۔کراچی کے مسائل اس لئے ہیں کہ30 سال سے باریاں لینے والوں نے مستقبل کا کبھی نہیں سوچا۔ پی پی والے10 سال میں کراچی میں کچھ نہیں کرسکے وہ آئندہ 5 سال میں بھی کچھ نہیں کریں گے۔جو پیسہ کراچی پر خرچ ہونا چاہیے وہ یہاں سے لانچوں کے ذریعے دبئی جاتاہے ۔ آپ سب کے لئے 25 جولائی وہ تاریخ ہے جس میں ہم ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔
مزید پڑھیں:نواز شریف نے بے وفائی نہیں دشمنی کی،چوہدری نثار

شیئر: