آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت یا عدم شرکت سے متعلق آج اہم پیشرفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکومتی مشاورت کے بعد ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے حتمی مؤقف اختیار کرے گا۔
مزید پڑھیں
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے جس میں ٹی20 ورلڈ کپ سے متعلق صورتحال اور آئندہ حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
ملاقات میں چیئرمین پی سی بی وزیراعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے رویے پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے اور انڈین ٹیم کے خلاف میچ کھیلنے یا نہ کھیلنے کے آپشنز پر بھی گفتگو کریں گے۔
اس دوران بنگلہ دیش کے ساتھ مبینہ نامناسب رویے کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ سے دستبرداری کے امکان پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا جا چکا ہے اور پی سی بی کے اندر مختلف آپشنز پر غور جاری ہے، جن میں پلان اے، بی اور سی شامل ہیں۔

اس سے قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی، آئی سی سی سے زیادہ حکومتِ پاکستان کے تابع ہے اور وزیراعظم کی ہدایات کے بعد ہی حتمی پلان ترتیب دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے اور یہ دہرا معیار ہے۔ ان کے مطابق ایک ملک تمام فیصلے مسلط نہیں کر سکتا اور جیسا فیصلہ پاکستان اور انڈیا کے معاملے میں ہوا، ویسا ہی بنگلہ دیش کے ساتھ بھی ہونا چاہیے۔













