شکست کا خوف نہیں تو راستہ کیوں روکتے ہو،زرداری
اسلام آباد...سابق صدر اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ رکاوٹیں ڈالنے والے ناکام ہوں گے۔اگر شکست کا خوف نہیں تو بلاول کا راستہ کیوں روکتے ہو۔ہفتہ کو ایک بیان میںزرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے راستے میں رکاوٹیں کوئی نئی بات نہیں۔ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو پتہ ہے کہ ان رکاوٹوں کو جمہوری طریقے سے کیسے عبور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1988ءسے لے کر 2018ءتک ہر انتخابات کے دوران کبھی آئی جے آئی بنائی گئی تو کبھی پیپلزپارٹی کی جیتی ہوئی نشستیں چوری کی گئیں۔ انہوںنے کہا کہ جب کوئی خاندان دہشتگردی کا شکار ہوتا ہے تو انہیں بہت تکلیف ہوتی ہے۔ دہشتگردی کے شکار خاندانوں کا درد سمجھ سکتے ہیں۔ زرداری نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا منشور ترقی، روشنی اور امن کا منشور ہے۔ عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔ 25جولائی جیالوں کی فتح کا دن ہوگا۔