ن لیگ جیت رہی ہے ،شہباز شریف
لاہور..مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے دعوی کیاہے کہ تمام تر زیادتیوں کے باوجود ن لیگ الیکشن جیت رہی ہے۔مرکز اور پنجاب میں ن لیگ کی جیت یقینی ہے۔ووٹ کی پرچی سے نواز شریف کو باہر لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ملک کی اہم سیاسی قوت ہے۔ دھاندلی کے تمام حربوں کے باوجود اپ سیٹ نظر آئے گا۔ ڈیرہ غازی خان میں انتخابی مہم کے اختتام پر خطاب اور انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کو اندھیرے ختم کئے۔ ڈیرہ غازی خان میں میڈیکل کالج ،دانش اسکول اور کیڈٹ کالج دیئے ۔ آئندہ موقع ملاتو ڈی جی خان کو لاہور بنادوںگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے مشروط ہے۔جمہوری اقدار اور راویات کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ بیلٹ باکس ہی جمہوریت کی اصل طاقت ہے۔ بیلٹ پیپر کی عزت پر حرف آیا تو ردعمل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں قائداعظم کا نظام لائیں گے۔ اسلام کا نظام لائیں گے۔ اس ملک میں دو طرح کا نظام ہے۔ دو طرح کا پاکستان ہمیں نا منظورہے۔ ایک امیر کا پاکستان اور ایک غریب کا پاکستان۔ ایک وہ نظام جہاں ظلم اور زیادتی ہو اور ایک وہ نظام جہاں آپ پیسے کی بنا پر انصاف خرید لیں۔ خدا کی قسم ہم اس نظام کو نیست ونابود کریں گے۔اس نظام کے خلاف بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔