Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمنی افواج نے صنعاءو سنحان میں حوثیوں کے کیمپ اور میزائل مراکز تباہ کردیئے

صنعاء  .... یمنی افواج نے عرب اتحاد برائے یمن کے تعاون و اشتراک سے صنعاءو سنحان میں حوثیوں کے کیمپ اور میزائل مراکز تباہ کردیئے۔ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے صنعاءمیں النہدین کیمپ ، آرمی کالج اور سنحان ضلع میں ضبوة او رالسواد کیمپ پر بمباری کرکے انہیں تباہ کردیا۔ یمنی افواج نے الحشوا ضلع کے شمال مشرقی کوہستانی علاقے کو آزاد کراکر دسیوں حوثیوںکو ہلاک و زخمی کردیا۔ دوسری جانب عرب اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ اس نے صعدہ میں حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کے ٹھکانے تباہ کردیئے۔ عرب اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حوثیوں کو علاقائی امن کو خطرات پیدا کرنے والی عسکری طاقت بننے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ یمن کی سرکاری فوج نے کہاہے کہ عرب اتحادی فوج کی معاونت سے نیشنل فورسز نے ملک کے وسطی علاقے البیضاءمیں الملاجم ضلع اور کئی دوسرے مقامات سے حوثی شدت پسندوں کو پسپا کردیا ہے۔ تازہ لڑائی کے دوران کم سے کم 30 حوثی شدت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ سرکاری فوج نے الملاجم ضلع کو باغیوں سے مکمل طور پرخالی کرنے اور فضحہ کے علاقے سے باغیوں کو نکال باہر کرنے کیلئے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہناتھاکہ سرکاری فوج اس وقت البیاض کے قریب پہنچ گئی ہے۔ لڑائی میں البیضاءکے کئی اہم مقامات باغیوں سے آزاد کرالئے گئے ہیں جبکہ لڑائی میں 30 حوثی شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے باغیوں میں5 فیلڈ کمانڈر بھی شامل ہیں۔ 

شیئر: