Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: بچوں کی گمشدگی اور تشدد پر رپورٹ طلب

کراچی: قائد آباد میں بچوں کی گمشدگی اور ان پر مبینہ تشددکے واقعات پر آئی جی سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی نے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔ گزشتہ روز کراچی کے علاقے قائد آباد میں بچوں کی گمشدگی اور نامعلوم افراد کی جانب سے ان پر تشدد کے واقعات رپورٹ کئے گئے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر منیر شیخ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز 3 بچے غائب ہوئے اور تھوڑی دیر بعد خود ہی واپس آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے جبکہ میڈیکل رپورٹ میں بھی بچوں پر تشدد ثابت ہوا۔ دوسری جانب بچوں پر تشدد کے مبینہ واقعات کے خلاف اہل علاقہ نے آج احتجاج کیا۔ مظاہرین ڈی ایس پی قائد آباد کے دفتر میں داخل ہوگئے جہاں انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ گمشدگی اور بچوں پر تشددکے مبینہ واقعات پر آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قائدآباد کے علاقے شیرپاﺅ کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔
 

شیئر: