Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ نے شام کو 36 چوری شدہ نوادرات واپس کر دیے

پالمیرا میں واقع یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کے مقام سے یہ سنگی مجسمہ داعش کی جانب سے شہر کے بیشتر حصے کو تباہ کیے جانے سے قبل نکال لیا گیا تھا۔(فوٹو: اے ایف پی)
امریکی حکام نے شام کے 36 چوری شدہ نوادرات واپس کرنے کا اعلان کیا ہے، جن میں پالمیرا کے قدیم مقام کی داعش کے ہاتھوں تباہی کے دوران سمگل کیا گیا ایک سنگی مجسمہ بھی شامل ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ ان نوادرات کی مجموعی مالیت 50 لاکھ ڈالر سے زائد ہے۔ یہ نوادرات نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ اور قدیم فن پاروں کے متعدد امریکی جمع کنندگان سے ضبط کیے گئے تھے۔
مین ہٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ نے کہا کہ نوادرات کی وطن واپسی کی تقریبات اس بات کی طاقتور یاد دہانی ہیں کہ ثقافتی ورثے کا تحفظ کسی سرحد یا قومیت تک محدود نہیں۔
ایک اعلامیے کے مطابق پالمیرا کا سنگی مجسمہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل قدیم شہر پالمیرا سے اس وقت نکالا گیا تھا جب داعش کے جنگجوؤں نے 2015 سے 2017 کے دوران شہر کے بیشتر حصے کو تباہ کر دیا تھا۔
450 کلوگرام سے زائد وزنی چونے کے پتھر سے تراشے گئے اس مجسمے میں ایک لیٹے ہوئے مرد کو دکھایا گیا ہے جس کے گرد ایک خاتون اور تین بچے موجود ہیں۔
امریکہ گزشتہ برسوں کے دوران چین، یونان اور اٹلی سمیت کئی ممالک کو لوٹے گئے نوادرات واپس کر چکا ہے۔
واشنگٹن میں شام کے ناظم الامور محمد کناتری نے کہا کہ نوادرات کی واپسی اس بات کا مظہر ہے کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم دونوں ممالک کے درمیان دیرپا روابط استوار کر سکتا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ شامی اور امریکی تعاون کے ذریعے شام کی تاریخ کا ایک حصہ بالآخر وطن واپس پہنچ رہا ہے، جس کا سہرا مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کی کوششوں کو جاتا ہے۔
ضبط کیے گئے نوادرات میں سے چار امریکی نوادرات جمع کرنے والے مائیکل سٹائن ہارٹ سے حاصل کیے گئے تھے۔ انہوں نے 2021 میں امریکی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت دنیا کے مختلف حصوں سے چوری کیے گئے تقریباً 180 نوادرات واپس کیے تھے، جن کی مجموعی مالیت سات کروڑ ڈالر تھی۔
مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ سے ضبط کیے گئے 13 نوادرات ان 402 نوادرات میں شامل ہیں جو دفتر نے 2017 سے اب تک اس ثقافتی ادارے سے تحویل میں لیے ہیں۔ ان تمام نوادرات کی مجموعی مالیت 9 کروڑ 87 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔

شیئر: