پنجاب حکومت کی 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست
راولپنڈی شہر کے مخصوص مقامات پر صبح 9 بجے سے نیٹ ورک جام کرنے کی درخواست کی گئی ہے. (فوٹو: اے ایف پی)
پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی ریجن میں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی ریجن میں امن و امان کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ یا جام کرنے کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 21 ستمبر کو جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق راولپنڈی شہر کے مخصوص مقامات پر 27 ستمبر کو صبح 9 بجے سے 2G, 3G, اور 4G نیٹ ورک جام کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ سروس بندش کا دورانیہ اور دیگر تفصیلات بعد میں بتائی جائیں گی۔
مراسلے میں باہتر سے M-1، گنگو، اٹاہا، ٹیکسلا سٹی، واہ صدر، ٹھلیاں اور چکری کو مخصوص مقامات میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پورے ضلع اٹک میں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ سے اس سلسلے میں ضروری کارروائی کی درخواست کی ہے جبکہ مراسلے کی نقول پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، راولپنڈی کی انتظامیہ اور پولیس سمیت متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے کہ پارٹی اس احتجاج کے لیے ملک کے مختلف شہروں میں مہم چلا رہی ہے۔