Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دعا عمرے کی تھی اللہ نے حج کی سعادت بخش دی، قازقستانی

 مکہ مکرمہ .... قازقستان سے ارض مقدس آنے والے خیرت نورس بائی نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اللہ تعالیٰ سے عمرہ کی توفیق بخشنے کی دعا کی تھی ، اللہ تعالیٰ نے مجھے حج پر بلا لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مسلمان ہونے کے باوجود اسلام سے بےزار تھے۔ احکام الہیٰ کی تعمیل اور ممنوعہ امور سے بچنے کی ہدایت بھولے ہوئے تھے۔ بیوی میرے اس حال پر پریشان تھی۔ 6ماہ قبل سسر کے انتقال نے زندگی کی کایا پلٹ دی۔ میاں بیوی پر اس کا بڑا اثر ہوا۔ بیوی دن بھر روتی رہی ، میرے دل میں بھی موت کا خوف پیدا ہو گیا۔ اسی خوف نے میری دنیا بدل دی۔ اس دن سے میں نے نماز، تلاوت، ذکر و آگہی اور دینی علم کے حصول کی پابندی شروع کر دی۔ آرزو تھی کہ عمرہ کیلئے مکہ مکرمہ پہنچوں، بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے آرزو ناتمام رہی۔ اچانک پتہ چلا کہ خادم حرمین شریفین حج و عمرے کیلئے بہت سارے لوگوں کو اپنے خرچ پر بلاتے ہیں۔ میں نے اپنے یہاں اس پروگرام کے متعلقہ عہدیداروں سے رابطہ کر کے 6ماہ قبل عمرے کی درخواست دی۔ مجھے بتایا گیا کہ آپ حج اور عمرہ دونوں کی سعادت حاصل کروگے۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے حج کی سعادت بخشی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کا ممنون ہوں جنہوں نے میرا خواب شرمندہ تعبیر کر دیا۔

شیئر: