Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت: داخلی عازمین کے قافلوں کی روانگی، منیٰ میں خیمو ں کا شہر آباد

جدہ..... فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے مملکت بھر سے داخلی عازمین کے قافلے رات گئے منیٰ پہنچ گئے ۔منیٰ میں حد نگاہ خیموں کا شہر آباد ہو گیا جو 5 دن تک آباد رہے گا ۔ حجاج کرام اتوار کو سارا دن منی میں قیام کرنے کے بعد پیر کی صبح حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کےلئے میدا ن عرفات پہنچیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق جدہ اور دیگر شہروں سے عازمین حج کے قافلے ہفتے کو مکہ مکرمہ روانہ ہوئے ۔ وزارت حج کی زیر نگرانی گزشتہ برس کی طرح امسال بھی فرضی حج کمپنیوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائیاں کی گئی جس کے باعث امسال داخلی عازمین کو فرضی کمپنیوں کی جعل سازی سے بچایاجاسکا ۔ وزارت حج نے لائسنس یافتہ داخلی حج کمپنیوں کی تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کی تھی جسے ارزاں حج کا سلوگن دیاگیاتھا ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے حج پرمٹ کی سختی سے چیکنگ جاری رہی ۔ جدہ سے مکہ مکرمہ جانے والی شاہراہ پر شمیسی چیک پوسٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی چیک پوسٹیں قائم تھیں جہاں حج پرمٹ کی جانچ کے بغیر کسی کو گزرنے کی اجازت نہیں تھی ۔ وزارت داخلہ کے مطابق امسال 2 لاکھ سے زائد داخلی عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے حج پرمٹ جاری کئے گئے ہیں ۔ جدہ کے مختلف مقامات سے داخلی عازمین کی روانگی کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔ داخلی عازمین کوحج خدمات فراہم کرنے والے بعض اداروں نے اپنے عازمین کو 7 ذوالحجہ کی شام ہی مکہ مکرمہ پہنچا دیا تھا جہاں سے وہ طواف القدوم کے بعد رات گئے منی روانہ ہو گئے ۔ مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر بسوں اور منی بسوں کے لئے علیحدہ لائنیں لگائی گئی تھیں تاکہ کمپنیوں کے زیر انتظام آنے والے عازمین کو جلد ہی روانہ کیاجاسکے ۔ شیمسی چیک پوسٹ کے بعد مکہ مکرمہ داخل ہونے سے قبل بھی عارضی چیک پوسٹ قائم کی گئی ہے جہاں سے صرف ان گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہے جن کے پاس گاڑیوں کا پرمٹ ہے ۔ خصوصی اجازت نامے کے بغیر کسی گاڑی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی ۔
 

شیئر: