انڈیا نے نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا، ایشیائی ملکوں نے ایئرپورٹس پر سکریننگ بڑھا دی
انڈیا نے نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پا لیا، ایشیائی ملکوں نے ایئرپورٹس پر سکریننگ بڑھا دی
بدھ 28 جنوری 2026 15:51
ماضی میں نیپاہ پھیلنے کی اطلاع مغربی بنگال میں 2001 اور 2007 میں سامنے آئی تھی۔ فوٹو: روئٹرز
انڈیا میں حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے نیپاہ وائرس پر قابو پا لیا ہے جس کے پھوٹ پڑنے کے بعد ملک کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں دو کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق متعدد ایشیائی ملکوں نے انڈیا سے آنے والے مسافروں کی نگرانی کرتے ہوئے ایئرپورٹس پر سکریننگ بھی شروع کی ہے۔
انڈیا کی وزارت صحت نے منگل کو بتایا تھا کہ دسمبر سے اب تک دو نیپاہ کیسز سامنے آئے اور تمام متاثرہ افراد اور اُن سے رابطے میں رہنے والے افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا اور ان کی جانچ کی گئی۔ وزارت نے مریضوں کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم بتایا کہ 196 رابطوں کا سراغ لگایا گیا اور تمام کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ ’صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اور صحت عامہ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔‘
نیپاہ ایک زونوٹک وائرس ہے جو پہلی بار ملائیشیا میں 1990 کی دہائی کے پھیلنے کے دوران شناخت ہوا۔ یہ پھلوں، چمگادڑوں، خنزیروں اور انسان سے انسان کے رابطے کے ذریعے پھیلتا ہے۔ اس وائرس کی کوئی ویکسین نہیں۔ اس کی وجہ سے بخار، اور الٹی ہو سکتی ہے۔ پیچیدگیوں پر قابو پانے اور مریضوں کو آرام میں رکھنے کے لیے اس کا واحد علاج بہتر دیکھ بھال ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس وائرس کا شکار ہونے والوں میں اموات کی شرح 40 فیصد سے 75 فیصد کے درمیان ہے جو اسے کورونا وائرس سے کہیں زیادہ مہلک بناتی ہے۔
انڈیا سے باہر وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا لیکن کئی ایشیائی ممالک نے احتیاط کے طور پر ہوائی اڈوں پر سکریننگ کے اقدامات متعارف کرائے یا ان کو بڑھایا۔ حفاظتی اقدامات انڈیا سے ابتدائی میڈیا رپورٹس میں کیسز میں اضافے کی خدشے کے بعد کیے گئے تھے لیکن محکمہ صحت کے حکام نے کہا کہ یہ اعداد و شمار ’قیاس آرائی پر مبنی اور غلط‘ تھے۔
انڈونیشیا اور تھائی لینڈ نے آنے والے مسافروں کے لیے صحت کے اعلانات، بخار کی جانچ اور نگرانی کے ساتھ بڑے ہوائی اڈوں پر سکریننگ میں اضافہ کیا۔ تھائی لینڈ کے محکمہ امراض کنٹرول نے کہا کہ بنکاک کے سوورنابومی ہوائی اڈے پر مغربی بنگال سے براہ راست پروازوں کی آمد کے دروازوں پر تھرمل سکینر نصب کیے گئے ہیں۔
میانمار کی وزارت صحت نے مغربی بنگال کے غیرضروری سفر سے گریز تجویز کرتے ہوئے مسافروں پر زور دیا کہ اگر سفر کے 14 دنوں کے اندر علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی امداد حاصل کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں پر کورونا کے وبائی مرض کے دوران متعارف کرائی گئی بخار کی نگرانی کو انڈیا سے آنے والے مسافروں کے لیے فعال کردیا گیا ہے ، جس میں لیبارٹری کی جانچ کی گنجائش اور طبی سامان تیار ہے۔
حالیہ کیسز بڑے پیمانے پر جنوبی ریاست کیرالہ میں پائے گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سرکاری میڈیا کے مطابق ویتنام کی وزارت صحت نے منگل کو خوراک کی حفاظت کے سخت طریقوں پر زور دیا اور مقامی حکام کو سرحدی گزرگاہوں، صحت کی سہولیات اور کمیونٹیز پر نگرانی بڑھانے کی ہدایت کی۔
چین نے کہا کہ وہ سرحدی علاقوں میں بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کو بہتر اور فعال بنا رہا ہے۔ سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ صحت کے حکام نے نگرانی اور جانچ کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے طبی عملے کے لیے خطرے کی تشخیص اور بہتر تربیت شروع کر دی ہے۔
ماضی میں نیپاہ پھیلنے کی اطلاع مغربی بنگال میں 2001 اور 2007 میں سامنے آئی تھی، جبکہ حالیہ کیسز بڑے پیمانے پر جنوبی ریاست کیرالہ میں پائے گئے ہیں۔ سنہ 2018 میں اس وبا کے پھیلاؤ نے کیرالہ میں کم از کم 17 افراد کی جان لی تھی۔